پاکستان ،چین اور افغانستان کا بیجنگ میں سہ فریقی اجلاس

منگل کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں افغان امن عمل، اقتصادی تعاون، سی پیک، باہمی دلچسپی کے امور اور تینوں ممالک کے تعلقات پر گفتگو کی گئی،اجلاس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مضبوط بناناہے۔
سہ فریقی اجلاس میں پاکستان،چین اورافغانستان کے وزرائے خارجہ شریک ہیں، وزیر خارجہ خواجہ آصف کی قیادت میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ڈی جی چین ڈیسک عائشہ عباس پر مشتمل وفد پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔
چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اورافغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
مذاکرات میں پاکستان اور چین نے سی پیک منصوبے میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے اور دونوں اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں، ان مذاکرات کا مقصد ایک دوسرے کو اعتماد میں لینا ہے اور ہم چاہیں گے کہ اچھا نتیجہ برآمد ہو۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا خطے میں امن کے قیام کے لیے انتہا پسندی کا خاتمہ بہت ضروری ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تینوں ممالک ایک پیج پر ہیں، پاکستان اور چین افغانستان میں امن دیکھنا چاہتے ہیں، تینوں ممالک میں ڈائیلاگ اور تعاون قدرتی عمل ہے، چین پڑوسی ممالک افغانستان اور پاکستان سے دوستی مضبوط رکھنے پر کام جاری رکھے گا،افغانستان اور پاکستان تعلقات کی بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا طالبان کو مشترکہ امن عمل میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان، چین اورافغانستان کی سلامتی کی مضبوطی کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے، دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی، چین پاکستان اور افغانستان کا قابل بھروسہ دوست ہے اورچین دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات سے خوش ہے۔

پنھنجي راءِ لکو