سعد رفیق کے بیان پر آئی ایس پی آر کا رد عمل نہیں آنا چاہیئے تھا،خورشید شاہ

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے۔
جمہوریت چلے اور وقت پر انتخابات ہوں، جمہوریت ہی اس ملک کیلئے راہ نجات ہے، اسی جمہوریت کیلئے ہم نے قربانیاں دیں اور دشمن کو بھی گلے لگایا ہم کسی جماعت سے دوریاں نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری سے ملاقاتیں بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اس سے قبل بھی اس طرح کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں اس لئے کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سعد رفیق کا بیان بغور پڑھا ہے مجھے ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی جس پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا فوری ردعمل آگیا، ترجمان پاک فوج کو اتنی جلدی نہیں کرنی چاہئے تھی۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست دھرنوں کی نہیں ہے، حالیہ دھرنے سے دنیا میں خطرناک پیغام گیا، ہم اس قسم کے دھرنوں کیخلاف ہیں، پرامن دھرنا سب کا آئینی حق ہے لیکن ان سے کسی کے معمولات زندگی متاثر نہیں ہونے چاہییں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے حکمرانوں کیلئے ہم سب کا محبت کا جذبہ ہے لیکن قوم جانتی ہے کہ (ن) لیگ کے رہنما ءکیوں سعودی عرب جارہے ہیں، ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے فیصلے خود کریں کسی دوسرے ملک کو ملوث نہ کریں۔

پنھنجي راءِ لکو