تفصیلات کے مطابق ننھی زینب کی لاش کی پوسٹ مارٹم کرنے والی ایم ایل او کی جانب سے مکمل طبی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں سفاک ملزمان کی کم سن بچی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی تصدیق ہو گئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سات سالہ زینب کو زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا جب کہ زینب کی نازک کلائیوں کو بھی تیز دھار آلے سے کاٹنے کی کوشش کی گئی اور بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی نمایاں تھے۔
علاوہ ازیں فرانزک لیب سے ڈی این اے پروفائلنگ کی رپورٹ بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے جس کے بعد دس سے زائد زیر حراست ملزمان کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے
دوسری جانب زیادتی اور قتل کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے نئے سربراہ محمد ادریس اور آئی جی پنجاب عارف نواز آج زینب کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی
