افغانستان کی جانب سے پاکستان پر افغان حدود کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، افغان حکومت کو الزام تراشیوں سے باز رہنا چاہیے جب کہ افغانستان سے دہشت گرد حملوں میں بھاری جانی ومالی نقصان ہورہا ہے کیوں کہ افغانستان کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ سرحدی علاقوں سے دہشت گرد پاکستانی عوام اور سکیورٹی فورسز کونشانہ بناتے ہیں لہذا افغان حکومت سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی کے لیے مؤثرکارروائیاں کرے کیوں کہ دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف ملکر کام کریں گے تو فائدہ ہوگا اور دہشت گردی کے خاتمے سے دونوں ملکوں کو ترقی و خوشحالی میسرآئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہورہا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق افغان حکام کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جاتا ہے جب کہ پاکستان نے باجوڑ آپریشن سے متعلق بھی افغان حکام کو ضروری معلومات فراہم کردی ہیں۔


