رسالپور(آن لائن نیوز اردو پاور) ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
رسالپورمیں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں 118 ویں کامبیٹ سپورٹ کورس گریجویشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود دہشت گردی کے ناسورکوجڑ سے اکھاڑکرپھینک دیں گے۔
تقریب کے مہمان خصوصی برطانوی ائیرچیف مارشل سر اسٹیفن جان ہلر نے پریڈ کا معائنہ کیا جب کہ شیردل فارمیشن نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کر کے فضا میں رنگ بکھیرے، اس کے علاوہ جوانوں نے پھرتی اور چابک دستی کا بھرپورمظاہرہ کیا اور مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔
برطانوی ایئرچیف مارشل اسٹیفن جان ہلر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی اے ایف کی تقریب میں شرکت کر کے خوشی محسوس کر رہا ہوں اور دونوں ممالک کی فضائیہ کارکردگی میں بہتری کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کر رہی ہیں، انہوں نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیوں کو سراہا۔
