لیہ میں زکوٰۃ کے بہانے نابینا خاتون کا ‘ریپ’

لیہ(ویب ڈیسک)صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں زکوٰۃ دینے کے بہانے ایک نابینا خاتون کے مبینہ ریپ کا انکشاف ہوا ہے۔

لیہ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) محمد علی ضیاء کے مطابق لیہ سے تعلق رکھنے والی ایک 36 سالہ نابینا خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ انھیں کوٹ سلطان کے رہائشی ایک شخص نے اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر ریپ کا نشانہ بنایا۔

ڈی پی او کے مطابق مذکورہ خاتون نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ کوٹ سلطان کے رہائشی مذکورہ شخص کے پاس زکوٰۃ اور امداد کے حصول کے لیے جاتی رہتی تھی۔

خاتون کے مطابق اس مرتبہ بھی مذکورہ شخص نے انھیں زکوٰۃ لینے کے لیے اپنے گھر بلوایا اور وہاں اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کا ریپ کیا۔

ڈی پی او محمد علی ضیاء کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر کوٹ سلطان پولیس اسٹیشن میں درج کرلی گئی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش اور تحقیقات کے لیے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ خاتون پر 2002 میں رشتے کے تنازع پر تیزاب سے حملہ کیا گیا تھا۔

واقعے میں ملوث ملزمان کو عدالت نے 14 سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم بعد میں خاتون کے اہلخانہ نے ملزمان کو معاف کردیا تھا۔

حالیہ دنوں میں پنجاب سمیت پورے ملک میں خواتین اور بچوں کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں