بھارتی کھلاڑی نےخاتون سے زیادتی کی، زمبابوین میڈیا

زمبابوین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دورہ زمبابوے پر آئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نے ہوٹل میں خاتون سے زیادتی کی ہے، ہرارے پولیس کمشنرنے زیادتی کے واقعے کی تصدیق کردی جبکہ بھارتی وزارت خارجہ نے رپورٹ کو مستردکردیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ زیادتی کرنےوالا شخص اسپانسرکمپنی کا نمائندہ ہے،کرکٹر نہیں ۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کےدورہ زمبابوےکے دوران ایک اسکینڈل سامنے آگیا ہے، بھارتی دستے کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ،،،جب ہوٹل کی ملازمہ نے زیادتی کا الزام بھارتی دستے میں شامل ایک شخص پر لگادیا۔

زمبابوین اخبار کے مطابق زمبابوے کا دورہ کرنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دستے میں شامل ایک شخص نے خاتون سے مبینہ زیادتی کی ، متاثرہ خاتون نشے کی حالت میں ہوٹل کی لابی میں پائی گئی، خاتون کے مطابق اسے نشہ آور چیز پلائی گئی اور ا سے نہیں معلوم وہ ہوٹل کے روم تک کیسے پہنچی؟

ہرارے پولیس کمشنر کے مطابق خاتون سے زیادتی کا الزام ثابت ہوگیا ہے اور مبینہ بھارتی شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،تاہم قانون کے مطابق زمبابوین پولیس شناخت ظاہر نہیں کرسکتی۔

اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ زمبابوے میں موجود بھارتی سفیر نے معاملات دبانے کی سرتوڑ کوششیں شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب بی سی سی آئی زرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوئی تعلق نہیں جبکہ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی ٹیم کے اسپانسرز میں شامل ایک شخص کی رہائش اسی فلور پر تھی ،امکان ہے اس واقعے میں کردار اسی کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں