سام سنگ، آئی فون کو ٹکر دینے کو تیار؟

اگر ایپل کے آئی فونز کے مدمقابل کسی کمپنی کا نام لیا جائے تو وہ یقیناً سام سنگ ہی ہوگی۔

اور اب یہ جنوبی کورین کمپنی آئی فون 7 کے مقابلے میں اپنے نئے فلیگ شپ گلیکسی نوٹ اسمارٹ فون کو قبل از وقت متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔

جی ہاں سام سنگ کا نیا گلیکسی نوٹ رواں برس اگست کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ سال سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 5 متعارف کرایا تھا اور اس بار نوٹ 6 کے نام سے ڈیوائس سامنے آنی چاہیے مگر سام سنگ اپنی اس ڈیوائس کو نوٹ 7 کے نام سے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بظاہر تو اس کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی تاہم یہ آئی فون 7 کے مقابلے پر اپنی ڈیوائس کو پیش کرنے کی ایک ممکنہ کوشش ضرور ہوسکتی ہے۔

ویسے تو سام سنگ کی جانب سے گزشتہ چند برسوں کے دوران گلیکسی نوٹ کو ستمبر میں متعارف کرایا گیا مگر گزشتہ سال اسے اگست میں ریلیز کردیا گیا تھا تاکہ نئے آئی فون کی فروخت کو دھچکا پہنچایا جاسکے اور اس میں اسے کافی کامیابی بھی ملی۔

اس سال بھی 2 اگست کو گلیکسی نوٹ 7 کو متعارف کرائے جانے کی تاریخ قرار دیا جارہا ہے۔

سام سنگ کا یہ نیا اسمارٹ فون 5.8 انچ کیو ایچ ڈی ڈسپلے اسکرین کے ساتھ ہوسکتا ہے جس کے دونوں جانب ایج اسکرین ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

سام سنگ کو یقین ہے کہ ڈوئل ایج ڈسپلے صارفین میں بہت زیادہ فروخت ہوتے ہیں اور یہ فیچر گلیکسی ایس 7 ایج کا بھی حصہ ہے۔

اسی طرح اس ڈیوائس میں متعدد سنسرز کی موجودگی کی بھی توقع ہے جن میں آئی آر آئی ایس اسکینر قابل ذکر ہے تاکہ فنگر پرنٹ سنسر کی ضرورت نہ رہے۔

یہ ڈیوائس سنیپ ڈراگون 823 چپ سیٹ اور 6 جی بی ریم کی طاقت کے ساتھ ہوگی جبکہ کیمرہ گلیکسی ایس 6 جیسا ہونے کا امکان ہے جس میں ڈوئل پکسل ٹیکنالوجی ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون کو ستمبر میں پیش کیا جاتا ہے اور اس سال بھی اسے ستمبر کے آغاز میں ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

پنھنجي راءِ لکو