ویرات کے لیے ‘سلطان’ کی اسپیشل اسکریننگ

ممبئی: بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ہندوستانی کرکٹر کھلاڑی ویرات کوہلی کافی عرصے سے ایک ساتھ ہیں اور اب خبریں ہیں کہ انوشکا اپنے دوست کے لیے اپنی آنے والی فلم ’سلطان‘ کی اسپیشل اسکریننگ کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مڈ ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق انوشکا، ویرات کوہلی اور اپنے کچھ ٹیم ممبران کے لیے فلم ‘سلطان’ کی اسپیشل اسکریننگ رکھنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق انوشکا شرما نے اپنی فلم ‘سلطان’ کے لیے بے حد محنت کی ہے اور وہ اس فلم میں اپنا ریسلر کا روپ کچھ قریبی لوگوں کو دکھا کر ان کی رائے جاننا چاہتی ہیں، وہ فلم کی اسکریننگ صرف ویرات کے لیے رکھنا چاہتی تھیں تاہم اب ان کا ارادہ ہے کہ اس میں ٹیم کے کچھ ساتھیوں کو بھی شامل کیا جائے۔

تاہم جب تک پروڈکشن کمپنی اس کا حتمی فیصلہ نہ کرے، انوشکا یہ اسکریننگ نہیں منعقد کرپائیں گی، دوسری جانب ویرات کوہلی جولائی میں ہندوستان کرکٹ ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق انوشکا نے پروڈکشن ٹیم سے اس حوالے سے بات کی ہے تاہم ابھی تک انہوں نے اس کی اجازت نہیں دی۔

فلم ’سلطان‘ میں انوشکا شرما کے ہمراہ سلمان خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جو رواں سال 6 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں