ایف 16 طیاروں کیلئے آصف زرداری کی کوششیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے امریکا پر پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی اور ایف 16 جیٹ طیارے پاکستان کی اہم ضرورت ہیں۔

سندھ کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے اعلامیے کے مطابق سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے لاس اینجلس میں امریکی سینیٹر جان مکین سے ملاقات کی اور امریکی سینیٹ کی آرم سروس کمیٹی کے چیئرمین کو ایف 16 طیارے حاصل کرنے کے لیے پاکستان کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔

آصف علی زرداری اور جان مک کین کی ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ امریکی سینیٹر ایف 16 طیاروں کی فروخت کے لیے امریکی حکام کو قائل کریں۔

سابق صدر زرداری نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی اور ایف 16 طیارے پاکستان کی اہم ضرورت ہیں اور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو دہشت گردی کا خطرہ لاحق ہے۔

آصف علی زرداری نے ایک ایسے وقت میں امریکی سینیٹر سے ملاقات کی ہے جب چند روز قبل وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ امریکا سے آٹھ ایف 16 طیاروں کے بجائے اب اردن سے 16 استعمال شدہ ایف 16 طیارے خریدنے پر غور کرنا شروع کردیا گیا ہے کیونکہ امریکی کانگریس نے پاکستان کو ایف 16 طیارے دینے سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا سے ایف 16 طیارے معاہدے کی قیمت 669 ملین ڈالر تھی، تاہم کانگریس نے امریکی حکومت کے فنڈز میں سے رقم کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم آصف علی زرداری نے امریکی حکومت سے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضوط تعلقات کے لیے امریکا، پاکستان کو ایف 16 طیارے دینے کے معاملے پر غور کرے۔

پنھنجي راءِ لکو