یوٹیوب میں لائیو ویڈیو اسٹریمنگ متعارف کرانے کا اعلان

فیس بک کی پوری کوشش ہے کہ وہ ویڈیو کے شعبے میں گوگل کی سائٹ یوٹیوب کو پیچھے چھوڑ دے اور اسی لیے وہ ہر ممکن نت نئے فیچرز متعارف کرارہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فیس بک نے لائیو ویڈیو کا آپشن اسمارٹ فون ایپ میں متعارف کرایا جس کا مقصد ٹوئٹر کی پیری اسکوپ کو آڑے ہاتھوں لینے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں یوٹیوب کو پیچھے چھوڑنا تھا۔

2015 میں سب سے پہلے پیری اسکوپ نے سب کو پیچھے چھوڑا اور اب فیس بک لائیو لگتا ہے کہ اس شعبے پر حکمرانی کررہی ہے۔

مگر اب یوٹیوب نے ان دونوں کے مقابلے میں اپنی موبائل ایپ میں لائیو ویڈیو اسٹریم کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یوٹیوب کے مطابق یہ فیچر بہت جلد صارفین تک پہنچ جائے گا اور وہ جب چاہیں گے یوٹیوب کے ذریعے لائیو ویڈیو اسٹریم کرسکیں گے۔

یہ کچھ حیران کن ہے کہ یوٹیوب نے اس شعبے میں آنے کے لیے اتنا وقت کیوں لگایا کیونکہ اس سائٹ پر کافی عرصے سے لائیو نشریات کی سہولت تو موجود ہے۔

اس سے فیس بک کو سب سے زیادہ دھچکا لگنے کا امکان ہے کیونکہ یوٹیوب استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کم نہیں اور لائیو اسٹریمنگ سے فیس بک لائیو فیچر متاثر ہوسکتا ہے۔

ابھی یہ تو واضح نہیں کہ کب تک یوٹیوب میں یہ فیچر سامنے آئے گا تاہم یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ کسی اور ایپ کے مقابلے میں زیادہ قابل بھروسہ اور تیز اسٹریمنگ ہوگی۔

یوٹیوب کا مزید کہنا تھا کہ لائیو ویڈیو کا فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد لوگوں کو کچھ بھی اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بس ایک کونے میں موجود بڑا سرخ بٹن دبا کر ایک تصویر کو تھمب نیل کے طور پر استعمال کرنے کے لیے منتخب کرنا ہوگا اور پھر لائیو نشریات شروع کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ یوٹیوب نے گزشتہ دنوں موبائل ایپ میں چیٹ فیچر بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو