دنیا بھر میں دو ارب افراد آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں، عالمی ادارہ صحت

جنیوا(آن لائن نیوز اردو پاور) اقوامِ متحدہ کے تحت عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں اس وقت دو ارب افراد آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں اور اس پانی میں انسانی فضلہ بھی موجود ہے۔ اس بات کا انکشاف جمعرات کو ادارے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او میں شعبہ عوامی صحت کی سربراہ ماریہ نیرا کہتی ہیں کہ آلودہ پانی ہیضے، ٹائیفائیڈ، پولیو اور پیچش وغیرہ کی وجہ بن کر ہر سال کم سے کم 5 لاکھ افراد کو ہلاک کررہا ہے جبکہ ان میں ڈائریا سرِفہرست مرض ہے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آلودہ پانی آنتوں کے امراض، کیڑوں اور دیگر بیماریوں کی اہم وجہ بھی ہے اور ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر پانی کی صاف فراہمی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کریں۔ تاہم رپورٹ میں اس امر کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں اکثر ممالک نے صاف پانی کی فراہم کے بجٹ میں 4.9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم اب بھی 80 فیصد ممالک اعتراف کررہے ہیں کہ وہ اب تک پانی کی ترسیل پر مناسب رقم خرچ نہیں کررہے ۔
رپورٹ میں افریقہ اور ایشیا کے غریب ممالک کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہاں صاف پانی اور نکاسی آب کی صورتحال بہت خراب ہے۔

پنھنجي راءِ لکو