موبائل فون جسم اور بستر سے دور رکھیں

کیلیفورنیا کے شعبہ پبلک ہیلتھ نے موبائل فون سے خارج ہونے والی ریڈیو فریکوئنسی انرجی سے بچنے کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

اگرچہ ماہرین سائنس موبائل فون کے استعمال سے ہونے والے نقصانات پر متفق نہیں ہیں لیکن تحقیق نے عندیہ دیا ہے کہ طویل عرصے تک موبائل فون کا استعمال اور زیادہ استعمال صحت کے لیے مضر ہے۔

کیلیفورنیا کے شعبہ پبلک ہیلتھ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر کیرن سمتھ کا کہنا ہے ’موبائل فون کے زیادہ استعمال سے صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موبائل فون کے مضر اثرات سے بچے اور بالغ دونوں ہی بچ سکتے ہیں اگر وہ اپنی جیب میں فون نہ رکھیں اور رات کو سوتے وقت اپنا موبائل بستر سے دور رکھیں۔‘

کیلیفورنیا کے شعبہ پبلک ہیلتھ کے مطابق موبائل فون ریڈیو فریکوئنسی انرجی خارج کرتے ہیں جب موبائل فو سیل ٹاور سے سگنل موصول کرتا ہے یا موبائل سگنل بھیجتا ہے۔ اور یہ ریڈیو فریکوئنسی انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکہ میں موبائل فون کا استعمال بہت تیزی سے بڑھا ہے۔ امریکہ میں 95 فیصد امریکیوں کے پاس موبائل فون ہیں اور 12 فیصد امریکی انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے اپنے موبائل کا ہی استعمال کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ امریکہ میں پہلا موبائل فون ملنے کی اوسط عمر کم ہو کر 10 سال ہو گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق زیادہ تر نوجوان سارا دن اپنے فون آن رکھتے ہیں اور سوتے ہوئے بھی فون قریب رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی موبائل فون کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 13 کروڑ افراد موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں۔

ڈاکٹر سمتھ کا کہنا ہے ’بچوں کے ذہن کی نشو نما جوانی میں ہوتی ہے اور موبائل کے زیادہ استعمال سے منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو زیادہ موبائل فون استعمال نہ کرنے دیں اور رات کو فون بند کر دیں۔‘

کیلیفورنیا کے شعبہ پبلک ہیلتھ نے چند بنیادی احتیاطی تدابیر بھی تجویز کی ہیں جن سے ریڈیو فریکوئنسی انرجی سے بچا جا سکتا ہے۔

1- فون کو اپنے جسم سے دور رکھیں
2- موبائل فون کم استعمال کریں جب سگنل کمزور ہوں
3- موبائل پر آڈیو یا ویڈیو سٹریمنگ کم کریں یا بڑی فائلیں اپ لوڈ یا ڈاؤن لوڈ نہ کریں
4- رات کے وقت فون کو اپنے بستر سے دور رکھیں
5- جب فون پر بات نہیں کر رہے ہوں تو ہیڈ سیٹ اتار دیں

پنھنجي راءِ لکو