اعوذ             باالله من             الشيطن             الرجيم                بسم الله             الرحمن             الرحيم                الحمد لله              رب             العالمين .             الرحمن             الرحيم . ملك             يوم الدين .             اياك نعبد و             اياك             نستعين .             اهدناالصراط             المستقيم .             صراط الذين             انعمت             عليهم '             غيرالمغضوب             عليهم             ولاالضالين

WWW.URDUPOWER.COM-POWER OF THE TRUTH..E-mail:JAWWAB@GMAIL.COM     Tel:1-514-250-3200 / 0333-585-2143       Fax:1-240-736-4309

                    

 
 

Email:-jawwab@gmail.com

Telephone:- 1-514-250-3200      

 

 

 

تاریخ اشاعت17-04-2011

ہمارے ہیروز

ایڈیٹرپک

لہری کراچی کے ایک فلیٹ میں فالج زدہ حالت میں پڑے ہیں
کیا آپ مستانہ کو جانتے ہیں؟ نہیں بھی جانتے تو کیا فرق پڑتا ہے؟ پنجاب کے کمرشل تھیٹر، ٹی وی اور فلم کے ذریعے لاکھوں لوگوں کے پیٹ میں بل ڈالنے والا مستانہ ستاون برس کی عمر میں بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال میں غربت اور کینسر کے ہاتھوں مرگیا۔حالانکہ اسے کچھ لوگوں نے دو تین لاکھ روپے کی خیرات بھی دی مگر مستانہ تو دو برس پہلے ہی فیصل آباد میں ایک سٹیج شو کے دوران ایک پولیس والے کا تھپڑ کھا کر ذہنی طور پر مرچکا تھا۔

مستانہ کے مرنے کے پانچ روز بعد کمرشل تھیٹر اور فلم کامیڈی کا ایک اور بادشاہ ببو برال باون برس کی عمر میں کینسر، شوگر، جگر اور پیسے کی تنگی کی تاب نہ لاتے ہوئے مرگیا۔حالانکہ اسے بھی کچھ لوگوں اور ایک آدھ سرکاری محکمے نے چار پانچ لاکھ روپے کی خیرات دی تھی۔

سندھ کی صوفی موسیقی کا بادشاہ سہراب فقیر، مستانہ اور ببو سے زیادہ خوش قسمت نکلا۔وہ دو سال پہلے دل اور جگر کےعارضے میں مقامی معالجوں کے دھکے کھاتا کھاتا تہتر برس کی عمر میں مرگیا۔حالانکہ حکومت نے اسے پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔

سندھ کی ایک بڑی لوک فنکارہ زینت شیخ کو بڑھاپے اور ناقدری نے ٹھٹھہ کی گلیوں میں بھیک منگوا دی اور پھر ریڈیو پاکستان والوں نے ترس کھا کر اس کے لیے بینیفٹ شو کیا اور وظیفے کا بھی اعلان کیا۔سنا ہے زینت پھر فاقے کی دہلیز پر ہے۔دعا کیجئے اس کی مشکل جلد آسان ہوجائے۔

صفی اللہ عرف لہری جس کے کٹیلے اور شگفتہ فقروں کے بغیر سن ساٹھ اور ستر کے عشرے میں کوئی بھی پاکستانی اردو فلم کامیاب نہیں تھی۔پچھلے پچیس برس سے کراچی کے ایک فلیٹ میں شوگر کے ہاتھوں ایک پاؤں کٹوا کر فالج میں پڑا ہے۔لہری کو بھی وقتاً فوقتاً پانچ چھ لاکھ روپے کا عطیہ مل چکا ہے لیکن عادتِ فقرے بازی پھر بھی نہیں جاتی۔

پشتو لوک گلوکاری کا چہرہ معشوق سلطان ہے۔اس کا ایک بیٹا مقدمے بازی کا شکار ہے اور معشوق سلطان پشاور کے چغل پورہ میں کرائے کے مکان میں ذیابطیس سے لڑ رہی ہے۔دو چار لوگ اس کا بھی حال پوچھ لیتے ہیں پھر بھی معشوق سلطان خدا کا شکر ادا نہیں کرتی۔


حسین شاہ آج کل جاپان میں رہتے ہیں
منفرد پشتو لوک آواز زرسانگہ کا گھر سیلاب نے کھا لیا۔عمران خان نے اسے گھر بنوا کر دینے اور صوبائی حکومت نے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن زرسانگہ آج بھی عادتِ خانہ بدوشی سے مجبور ہے۔

ایک اور منفرد پشتو سنگر گلزار عالم کراچی میں ٹیکسی بھی چلاتا رہا۔ باچا خان فاؤنڈیشن نے ترس کھا کر بیس ہزار روپے پر ملازم بھی رکھ لیا لیکن کرنے کو کام نہیں دیا۔گلزار عالم نے ملازمت چھوڑ دی۔اب پاؤں تڑوائے گھر میں غیرت کی بوسیدہ چادر اوڑھے پڑا ہے۔ معروف فوک سنگر ہارون باچا زیادہ ذہین نکلا اور امریکہ میں سیٹل ہوگیا۔ کامیڈین عالم زیب بھی چالاک نکلا۔اس وقت کوالالمپور میں ٹیکسی چلاتا ہے اور خوش ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کا ایک گول کیپر محمد قاسم کینسر اور گمنامی میں مرگیا۔ ٹیسٹ کرکٹر انتونی ڈی سوزا کب اور کہاں مرگیا کچھ نہیں معلوم۔ فٹ بال کے انٹرنیشنل کھلاڑی غفور، موسی، غازی اور عمر کو کراچی کے لیاری کی گلیاں نکل گئیں۔ انٹرنیشنل باکسر رحمان بولٹن مارکیٹ میں فروٹ کا ٹھیلہ لگاتا تھا۔ کچھ عرصے سے دکھائی نہیں دے رہا۔ایک اور بین الاقوامی باکسر عبدالعزیز جونا مارکیٹ کی فٹ پاتھ پر چابیاں بناتا تھا۔اب وہ بھی نظر نہیں آ رہا۔ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتے والا دیدار احمد گذشتہ برس اپنے تمغے اور انعامات سڑک پر لے آیا۔حکومت نے خجالت مٹانے کے لیے اسے دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ ویسے دیدار احمد اگر بم دھماکے میں مرجائے تو اسے کم ازکم تین لاکھ روپے ملیں گے۔اولمپیئن باکسر حسین شاہ زیادہ پھرتیلا نکلا۔ پاکستان کے لیے سول اولمپکس سمیت کئی بین الاقوامی مقابلوں میں تمغے جیتنے والا حسین شاہ آج کل جاپان میں رہتا ہے اور خدا کا شکر ادا کرتا ہے۔

میں نے بہت کوشش کی کہ اس کالم میں شامل کرنے کے لیے تنگدست، بیمار، خستہ حال، نظرانداز کسی سابق جرنیل، ریٹائرڈ جوائنٹ سیکرٹری یا سابق ایم پی اے کا نام تلاش کرلوں۔تادمِ تحریر کامیابی نہیں ہوئی ۔معلوم ہوا تو ضرور بتاؤں گا۔

بشکریہ بی بی اردو

E-mail: Jawwab@gmail.com

Advertise

Privacy Policy

Guest book

Contact us Feedback Disclaimer Terms of Usage Our Team