نواز شریف حکومتی امور کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں،سرجری کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق ہی وطن واپس آئیں گے :وزیر اعظم ہاؤس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف جو اس وقت لندن میں دل کے ایک آپریشن کے سلسلہ میں قیام پذیر ہیں، حکومتی امور کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، ملٹری سیکرٹری اور عملہ کے دیگر ا رکان ملکی امور کی انجام دہی میں ان کی مکمل معاونت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میں وزیراعظم کو معمول کے ملکی امور سے متعلق آگاہ رکھا جا رہا ہے اور متعلقہ شعبوں کو ان کی ہدایات من و عن پہنچائی جا رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ،وفاقی وزراء، کابینہ کے ارکان اور دیگر متعلقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور یہ بات بہت اہم ہے کہ ریاست کے معمول کے امور کی انجام دہی پر مشتمل معاملات میں کوئی التواء یا تاخیر نہیں ہے۔وزیر اعظم کی ڈاکٹرز کے مشورے پر لندن میں دل کی سرجری کی جائے گی اور سرجری کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق ہی وطن واپس آئیں گے اور ملک کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تاہم یہ فطری اور قابل فہم بات ہے کہ ڈاکٹرز جب ان کا آپریشن کر رہے ہوں گے وزیراعظم کسی بھی قسم کی سرگرمیوں سے دور ہوں گے، انشاء اللہ سرجری کے فوری بعد وزیراعظم بھرپور جذبے اور توانائی کے ساتھ ریاستی امور کی نگرانی کر رہے ہوں گے۔ وزیراعظم دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے جاری اور سابقہ علاج ، تشخیص، طبی معائنوں اور سفری اخراجات ان کا خاندان اپنے ذاتی وسائل سے برداشت کر رہا ہے، اس سلسلہ میں قومی خزانہ سے کوئی اخراجات کلیم نہیں کئے گئے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو