دہشت گردوں کے خلاف ہمارا مشن بلارکاوٹ جاری رہے گا

کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا مشن بلا رکاوٹ جاری رہے گا اور آپریشن سے حاصل ہونے والی کامیابیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے انہیں کراچی آپریشن اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

آرمی چیف نے کراچی میں امن کے لیے رینجرز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ رینجرز کی جانب سے، شہر کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے صاف کرنے کے عزم اور ہمت کو شہریوں کی جانب سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز آپریشن جاری ہے، جو شہر میں امن کے قیام کے حصول تک جاری رہے گا، جبکہ رینجرز کو کراچی آپریشن میں ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔

آرمی چیف نے حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت تمام کمانڈروں کو ہدایت کی وہ ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں اور حالیہ وارداتوں میں ملوث افراد کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

کور ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس
بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال شریک تھے۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی کور کمانڈر اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس کے شرکاء کو سیکیورٹی کی صورتحال اور کراچی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ حالیہ آپریشن سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، تاہم دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کا نیٹ ورک مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ہمیں انٹیلی جنس مزید بہتر بنانے پر توجہ دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں دہشت گرد اور ان کے معاونین بری طرح متاثر اور تنہائی کا شکار ہیں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ اپنے بچاؤ کا راستہ ڈھونڈ سکیں اور معاشرے کو نفسیاتی طور پر کمزور کرسکیں۔

آرمی چیف نے تمام متعلقہ اداروں کو دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے اور انہیں ختم کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا مشن بلا رکاوٹ جاری رہے گا اور آپریشن سے حاصل ہونے والی کامیابیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی۔

جنرل راحیل شریف نے کراچی کے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے ہمدردوں اور ان کے معاونین کا گٹھ جوڑ ہرقیمت پر توڑیں گے اور کراچی آپریشن کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے تمام فریقین پر دہشت گردی کے خلاف متفقہ قومی سوچ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں اور کراچی میں قیام امن کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں جاری رینجرز آپریشن کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے کے دوران معروف قوال امجد صابری کے قتل اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا جیسے واقعات پیش آئے ہیں، جب کہ رمضان المبارک میں جرائم کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں ایک مرتبہ پھر سے خوف کی فضا پھیل گئی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو