جدہ: امریکی سفارت خانے کے قریب خودکش دھماکا

جدہ(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی سفارت خانے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کے روکنے پر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق خودکش حملہ آور ایک کار میں سوار تھا اور بظاہر امریکی سفارت خانے کے قریب مسجد اور ہسپتال کی جانب جارہا تھا۔

واضح رہے کہ قونصل خانے کا اکثر عملہ دوسری جگہوں پر منتقل ہو گیا ہے۔

سعودی عرب میں امریکی سفارتی خانے کے حکام اور وزرات داخلہ سے فوری طور پر اس واقعے کے حوالے سے رابطہ نہ ہوسکا۔

اے پی کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی حکام جدہ میں خودکش حملے کے واقعے سے آگاہ ہیں اور وہ سعودی حکام سے اس حوالے سے معلومات لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 2004 میں بھی جدہ میں امریکی سفارت خانے کو حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پنھنجي راءِ لکو