عید الفطر مبارک: ملک بھر میں عید مذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

اسلام آباد(اُردوپاورڈاٹ کام)پاکستان بھر میں مسلمان آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید منا رہے ہیں جس کے ساتھ ہی کافی عرصے کے بعد ملک بھر میں ایک ساتھ عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا اور آج یکم شوال 1437 ہجری کو ملک بھر میں عید منائی جا رہی ہے۔

یہ کافی عرصے بعد پہلا موقع ہے کہ ملک میں تنازعات سے پاک عید منائی جا رہی ہے ورنہ اس سے قبل رمضان یا عید کے چاند پر تنازع کے سبب اہالیان وطن ایک ساتھ عید منانے سے محروم رہے۔

عید کے دن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں ملکی ترقی اور سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اسلام آباد ميں عيد الفطرکا سب سے بڑا اجتماع فيصل مسجد ميں ہوا جہاں صدرمملکت ممنون حسين سميت متعدد اعلیٰ حکام نے نماز عيد ادا کی۔

پشاور میں عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ چارسدہ روڈ میں ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کے علاوہ پی پی پی کے سابق وزیرسید ظاہرعلی شاہ،اے این پی کے ممبر قومی اسمبلی غلام احمد بلور اوردیگر سیاسی اورسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ بھی شہر میں مختلف مقامات پر نماز عید کے 170 سے زائد اجتماعات ہوئے۔

کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہوا جہاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی نماز عید ادا کی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔

کوئٹہ میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع طوگی چوک پر منعقد ہوا اور اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

صدرمملکت ممنون حسین نےعید الفطر کے پُرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کادن فقط ایک تہوار ہی نہیں بلکہ اس دن کی حیثیت ایک علامت کی سی ہے جس کا تعلق رواداری ، برداشت ، امن و آشتی، ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عظیم تہوار کے موقع پر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں وطنِ عزیز ، اہلِ وطن اور عالم اسلام کی خیروبرکت کےلئے دعاءگو ہوں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے بھی قوم کی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ عید کو قومی وحدت کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے دشمن سے برسر پیکار افواج پاکستان سمیت ملک کے تمام سیکیورٹی اداروں کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل کی ہر گھڑی میں متحد رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی قوم کو عیدالفطر پر مبارکباد پیش کی۔

پنھنجي راءِ لکو