چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے مغوی بیٹے کو بازیاب کروا لیا گیا

کراچی (ویب ڈیسک ) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو ٹانک سے فوجی آپریشن کے بعد بازیاب کرانے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے انکے گھر پہنچا دیا گیا ہے۔کراچی ایئرپورٹ سےڈی جی رینجرز اویس علی شاہ کو لیکر انکے گھر پہنچے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کےسربراہ میجر جنرل عاصم سیلم باجوہ نے اپنے ٹویٹ پیغام میں بتایا کہ فوجی آپریشن کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے بیرسٹر اویس شاہ کو خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک سے بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران تین اغواءکار دہشت گرد بھی مارے گئے تاہم اویس علی شاہ کوسکیورٹی فورسزکی حفاظت میں خیبر پختونخواسے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچا دیا گیا ہے ۔ کراچی ایئر پورٹ سے اویس علی شاہ کو رینجرز کی سکیورٹی میں انکے گھر لیجایا گیا جہاں انکی آمد پر مٹھائیاں تقسیم کی جار ہی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس دوران اویس شاہ کی باحفاظت بازیابی ممکن ہوئی جبکہ اس دوران تین اغواء کار بھی مارے گئے ۔بیرسٹر اویس علی شاہ کو 20 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں سپر سٹور کے باہر سے اغواء کیا گیا تھا جس کے بعد انکی کار سپر سٹور کی پارکنگ سے برآمد ہوئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نیلے رنگ کی کار میں موجود تھے جو آج صبح 4 بجے اویس علی شاہ کو افغانستان لیجانے کیلئے نکلے تھےتاہم ٹانک ژوب سکیورٹی چیک پوسٹ پر ملزمان کو روکا گیا مگر گاڑی روکنے کی بجائے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی اور 2 دہشت گردوں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم جوابی فائرنگ میں دہشت گردوں کی گاڑی کے ڈرائیور سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن کے بعد گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اویس علی شاہ کالے شٹل کاک برقع میں موجودتھےاس کے علاوہ گاڑی میں ڈرم میگزین ، اے کے 47 اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں ۔جس کے بعد دشہت گردوں کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کیلئے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے اویس شاہ کی بازیابی کیلئے رات سوا تین سے پونے چار بجے کے دوران آپریشن کیا گیا تاہم کامیاب آپریشن کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کو مبارکباد دی ۔

دوسری جانب گورنر سندھ نے پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اویس علی شاہ کی بازیابی انتہائی اہم کامیابی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اغواء کار آپریشن ضرب عضب کا بدلہ لینا چاہتے تھے اور انہیں افغانستان لیجانا چاہتے تھے ۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اگر اغواء کا اویس علی شاہ کو افغانستان منتقل کر دیتے تو انکی بازیابی مشکل ہو جاتی ۔اویس شاہ کااغواتمام سیکیورٹی اداروں کیلئےچیلنج تھا.

پنھنجي راءِ لکو