ایک دن پاکستان ضرور آنا چاہوں گا:ورن دھون

ممبئی: بولی وڈ اداکار ورن دھون نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔واضح رہے کہ ورن دھون کی فلم ’ڈھشوم‘ رواں ماہ ریلیز ہونے جارہی ہے اور فلم کی ٹیم اس کی تشہیر میں مصروف ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ورن دھون نے ایک تقریب کے دوران فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے اپنا ایک تجربہ شیئر کیا اور پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کردیا۔ورن کا کہنا تھا ’میں فلم کی شوٹنگ کے لیے 55 یا 60 دنوں تک ابوظہبی میں رہا، میرا ڈرائیور پاکستانی تھا جس کا تعلق اسلام آباد سے تھا، ان کی عمر 65 سال کی تھی اور میں ان سے بے حد متاثر ہوا، میں جب بھی ان سے ہندوستان اور پاکستان کے حوالے سے سوال کرتا وہ مجھے یہی جواب دیتے کہ دونوں کے درمیان ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ مجھے کھانے کی بھی بہترین جگہوں پر لے کر جاتے‘۔

ورن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فلم میں عربی کے کچھ جملے بولنے تھے اور انہوں نے اس کے لیے وہاں موجود اپنے ڈرائیور سے مدد بھی لی۔

ورن نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ایک دن وہ بھی پاکستان ضرور آنا چاہیں گے۔روہت دھون کی ہدایات میں بننے والی فلم ’ڈھشوم‘ کی مرکزی کاسٹ میں جان ابراہام، ورن دھون اور جیکولین فرنینڈز شامل ہیں جبکہ اکشے کھنہ نے بھی فلم میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس فلم کی کہانی کا آغاز ایک ہندوستانی کرکٹر کو پاک-ہندوستان میچ سے قبل اغوا کرنے سے ہوتا ہے جسے چھڑوانے کے لیے ورن دھون اور جان ابراہام حرکت میں آتے ہیں۔

فلم 29 جولائی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.