عمران خان کا کے پی کے میں تمام صوابدیدی فنڈز ختم کرنے ، ایم پی ایز کو ترقیاتی فنڈز نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپی کے میں تمام صوابدیدی فنڈز ختم کرنے، ایم پی ایز کو کسی بھی قسم کا ترقیاتی فنڈ نہ دینے اور محکموں میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے خیبر پی کے میں ترقی کیلئے اپنے 13نکاتی پروگرام کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جو ناراض ارکان ہیں ان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے لیکن اگر وہ نہ مانے تو ان کی رکنیت ختم ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران ؒان نے کہا کہ تمام صوابدیدی فنڈز ختم، کوئی ترقیاتی فنڈ رکن اسمبلی کو نہیں ملے گا یہ فنڈ اب بلدیات کے ذریعے خرچ کیا جائے گا۔۔ایم پیز کا کام قانون سازی ہے ۔ صوبے میں نیا احتساب بل بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کے محکموں میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو 25فیصد ریکوری دینگے۔ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارتی بنائی جائے گی۔نتھیا گلی میں سی ایم اور خیبر پی کے ہاوس کو گلیات اتھارٹی کی نگرانی میں دی دیا جائے گا۔سی ایم ہاوس پشاور میں بڑے ٹیکس پیئرز کو رہنے کی دعوت دینگے۔ وہ اس کو استعمال کر سکتے ہیں یہ پہلے ہی خالی ہے لیکن اب اس کو استعمال میں لایا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ سیاست میں کنٹریکٹرز کا داخلہ ختم کر دینگے۔صوبے کے تمام ریسٹ ہاوسز کی آمدنی عوام پر خرچ کی جائے گی۔کلاس فائیو سے اوپر جو بھی بھرتیاں ہونگی وہ این ٹی ایس کے ذریعے ہوگی۔اس طرح غریبوں کو بھی اپنی محنت سے اوپر آسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ماتحت عدلیہ میں اصلاھات کا پروگرام بنا لیا ہے۔ مدرسہ ریفارمز کے تحت ہر مدرسے کو جدید بنانے کیلئے فنڈز دینگے تاکہ ان کے طلبا بھی سائنسی تعلیم پڑھ سکیں۔ ہم نے اس کیلئے مدارس سے ایک ایم اویو بھی سائن کیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ایک کمیٹی بنائی ہے تاکہ کسی سے کوئی زیادتی نہ ہو۔میں خیبر پی کے کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ افغان مہمانوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دینگے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے میں پولیس کو مکمل غیر سیاسی بنا دیا ہے۔ ہم بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات دے رہے ہیں اس کیلئے 33ارب روپیہ بلدیات میں جارہا ہے۔ ہم پراونشل فنانس کمیشن بنا رہے ہیں جو نچلی سطح پر بلا امتیاز کام کرے گا۔سب امتیازی فنڈز ختم کر دیئے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے بدتمیزی کرنے پر معذرت کی اور ایکشن لینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کیلئے اب بنی گالہ اور پی کے ہاوس میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔انہوں نے اداروں کو مضبوط کرنے اور دیگر اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔

پنھنجي راءِ لکو