سیمی ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نہیں رہے

بارباڈوس(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے انھیں کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ وہ اب ٹی ٹوئنٹی ٹیم کپتان نہیں رہے۔

ڈیرن سیمی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں کہا کہ ‘مجھے گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین نے فون کیا تھا’۔

ویسٹ انڈیز کے عالمی چمپیئن کپتان کا کہنا تھا کہ ‘بمشکل 30 سیکنڈ کی بات چیت میں انھوں نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا جائزہ لیا گیا ہے اور اب وہ کپتان نہیں رہے’۔

سیمی کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے رواں سال ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر دوسری مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزازپا یا تھا۔

تاہم سیمی کا کہنا تھا کہ انھیں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے کہا گیا کہ ‘میری کارکردگی اس قابل نہیں کہ مجھے ٹیم میں منتخب کیاجائے’۔

واضح رہے 2012 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ویسٹ انڈیز نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں ہی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سب ٹھیک ہے، میرا ہمیشہ سے یہ ماننا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ڈیرن سے نہیں ہے، وہ مستقبل کی طرف دیکھ رہے اور میں نئے کپتان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں’۔

سیمی نے کہا کہ ‘میری کپتانی میں ٹیم نے دو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا اور یہ یادیں بڑے عرصے تک روشن رہیں گی’۔

انھوں نے اپنے مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کش نہیں ہورہا ہوں لیکن مجھے اپنے مداحوں اور دیگر کا شکریہ ادا کرنا ہے’۔

سیمی نے کہا کہ ‘میری کپتان اب ختم ہوگئی ہے اور اب میں اتنا جانتا ہوں کہ میں نے دل وجاں سے کھیلا’۔

ڈیرن سیمی کو اکتوبر 2010 میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ واحد کپتان ہیں جس نے دودفعہ مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کا اعزاز پایا۔

پنھنجي راءِ لکو