اخبارات میں قرآنی آیات کی اشاعت قانون کی خلاف ورزی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ اخبارات میں قرآنی آیات اور ان کا ترجمہ شائع کرنا ’قرآن کی بے حرمتی‘ سے متعلق قانون کی خلاف ورزی ہے۔

رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’یہ بات سچ ہے کہ اخبارات اپنے قارئین کی معلومات کے لیے قرآنی آیات اور ان کا ترجمہ شائع کر رہے ہیں، جو انتہائی قابل مذمت اور قرآن کی بے حرمتی سے متعلق قانون کی خلاف ورزی ہے۔‘

رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین کی جانب سوال اٹھایا گیا تھا کہ اخبارات میں قرآنی آیات کی اشاعت سے قرآن پاک کی بے حرمتی ہورہی ہے یا نہیں؟ اگر ہورہی ہے تو حکومت نے اس حوالے سے کیا اقدامات اٹھائے ہیں؟

وزارت اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 295 بی کے تحت جان بوجھ کر قرآن پاک یا اس کے کچھ حصے کی بے حرمتی کرنے والے کے لیے عمر قید کی سزا مقرر ہے۔

پی پی سی کی دفعہ 295 بی کے مطابق ’جو کوئی جان بوجھ کر قرآن پاک یا اس کے کسی حصے کی بے حرمتی یا توہین کرے گا، یا اسے اس انداز سے استعمال کرے گا کہ اس کی توہین ہو یا غیر قانونی مقصد کے کیے استعمال کرے گا تو اسے عمر قید کی سزا دی جائے گی۔‘

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وزارت مذہبی امور کی درخواست پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس)، کاؤنسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدور اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے چیئرمین کو لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ وہ قرآن پاک کی آیات کی تعظیم کو یقنی بنائیں۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا کہ پی آئی ڈی کی جانب سے میڈیا کی تمام نمائندہ تنظیموں کو یاد دہانی بھی کرائی گئی ہے وہ اپنے تمام ممبران اشاعتی اداروں کو ہدایت کریں کہ وہ اپنے اخبارات میں قرآنی آیات کی تعظیم کو یقنی بنائیں۔

پنھنجي راءِ لکو