دلہنیں ’اوم شانتی اوم‘میں میرے کردار جیسی دکھنا چاہتی تھیں،دپیکا

اداکارہ دپیکا پڈوکون بولی وڈ میں اپنی پہلی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے ہی اتنی مقبول اور کامیاب ہوگئیں کہ آج وہ شوبز کی سب سے مہنگی اداکارہ بن چکی ہیں۔

دپیکا پڈوکون نے بولی وڈ میں جس طرح کی فلم سے ڈیبیو کیا تھا شاید ہر اداکارہ کا اس ہی طرح اپنے فلمی سفر کو آغاز کرنے کا خواب ہوگا۔

وینیٹی فیئر کو ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون نے بتایا کہ ان کی پہلی فلم ’اوم شانتی اوم‘ نے خواتین پر ایک گہرا اثر چھوڑا تھا۔ دپیکا کے مطابق ’مجھے یاد ہے میری پہلی فلم اوم شانتی اوم میں میرا میک اپ خاصہ منفرد کیا گیا تھا، اس وقت کئی میک اپ آرٹس میرے پاس آتے تھے اور مجھے بتاتے تھے کہ ان کے کردار جیسا میک اپ بہت مقبول ہوچکا ہے، ہر دلہن اس فلم میں میرے کردار کی طرح کا دکھنا چاہتی تھی‘۔

تاہم دپیکا کو ہمیشہ ہی اپنا میک اپ اور اسٹائل پسند نہیں آتا، جب وہ اپنی پرانی تصاویر دیکھتی ہیں تو انہیں کافی شرمندگی ہوتی ہے۔

دپیکا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’آپ خود کو تیار دیکھیں گے تو سوچتے ہیں کہ میں کتنی اچھی لگ رہی ہوں اور 10 سال بعد جب آپ دوبارہ ان ہی تصاویر کو دیکھیں گے تو آپ کو ایسا لگے گا کہ آخر میں اس وقت سوچ کیا رہی تھی؟ میں سوچتی ہوں میں بہت کمال لگ رہی ہوں اور بعد میں مجھے ایسا بلکل نہیں لگتا‘۔

اداکارہ کے مطابق اسٹائل اور فیشن ایک دوسرے سے الگ ہیں، اسٹائل آپ کا اپنا ذاتی ہوتا ہے جبکہ فیشن وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔ دپیکا کا کہنا تھا کہ ’آپ جو بھی پہنے سب سے اہم یہ ہے کہ آپ مطمئن ہوں اور میرے لیے یہ ہی سب سے اہم بات ہے‘۔

ویسے تو دپیکا پڈوکون ہر طرح کے لباس میں نہایت خوبصورت نظر آتی ہیں لیکن اداکارہ کے مطابق ان کو سب سے زیادہ ساڑھی پہننا پسند ہے۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2007 میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

وہ اس وقت اپنی فلم ’پدماوتی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو