کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو شکست دیکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی(آن لائن نیوز اردو پاور) پاکستان سپر لیگ کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹڈ کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے جب کہ کراچی کنگز نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل کے اگلے مرحلے کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ کراچی کنگزکی کامیابی کے ساتھ ہی لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ کراچی کنگز کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں کرس گیل اور بابر اعظم نے جارحانہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 64 رنز جوڑے جس میں کرس گیل کے5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 44 رنز شامل تھے۔
کرس گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد 80 کے مجموعی اسکور پر کپتان کمار سنگارا 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ شعیب ملک صرف 7 اور بابراعظم 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیون پولارڈ نے 20 اور روی بوپارا نے 11 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر کرس گیل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

پنھنجي راءِ لکو