کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک، 4 گرفتار

کراچی(آن لائن نیوز اردو پاور) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کورنگی میں کارروائی کے دوران لشکر جھنگوی کا ایک دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔
آن لائن نیوز کے مطابق کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن کے ایک گھر پر چھاپہ مارا، اہلکاروں کو دیکھ کر گھر میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی عمر شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 500 کلو سے زائد بارود ، خودکش جیکٹس اور راکٹ لانچر برآمد ہوئے ہیں۔ ہلاک اور گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی کےنعیم بخاری گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت دلدار عرف چاچا کے نام سے ہوئی ہے جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج راجا عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد دلدارعرف چاچا ایک اور دہشت گرد اسحاق عرف بوبی کا چچا ہے، دلدار کالعدم تنظیم کےنعیم بخاری کی سلیپر سیل کا امیر تھا، دلدار نے ہی شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کے لیے خودکش بمبار کی گاڑی تیار کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ پاک بحریہ کے اہلکاروں کی بس پر حملے سمیت دہشتگردی کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔
دوسری جانب آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو