بھارت کلبھوشن کے معاملے پر جھوٹ بولنا بند کرے، مشرف

اسلام آباد( آن لائن نیوز آردو پاور) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدرجنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہاہے کہ بھارت کلبھوشن کے معاملے پراپنے عوام سے جھوٹ بولنا بند کرے، کارگل میں شکست کو نئی دہلی یاد رکھے۔
پرویز مشرف نے بھارتی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور کرنل حبیب ظاہر (ریٹائرڈ) کا معاملہ الگ الگ ہے، کلبھوشن نے بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی درجنوں کارروائیوں کااعتراف کیا ہے جبکہ حبیب ظاہر اپنے کسی کام کے سلسلے میں نیپال گئے، دونوں چیزوں میں بہت فرق ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت ہرمعاملے میں اپنے عوام سے جھوٹ بولتی ہے، بھارت جھوٹ بولنا بند کرے، اسی رویے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے عوام میں دوری پیدا ہو رہی ہے، بھارتی رویہ دھمکی آمیز ہے، کارگل جنگ کو یاد رکھنا چاہیے، کسی بھی قسم کی جارحیت نامناسب اقدام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اس لیے بھارت جنگ کی باتیں نہ کرے۔

پنھنجي راءِ لکو