گوگل کا آڑی ترچھی لکیروں کوتصویرمیں بدلنے والا سافٹ ویئر

سلیکان ویلی(آن لائن نیوز اردو پاور) گوگل نے ایسا ذہین اور خودکار سافٹ ویئر تیار کرلیا ہے جو آڑی ترچھی لکیروں کو تصویری فن پاروں میں تبدیل کرسکتا ہے یعنی اسے استعمال کرتے ہوئے آپ کو مصوری میں پیشہ ورانہ مہارت کی ضرورت نہیں بلکہ اسکرین پر صرف چند ایسی لکیریں کھینچنا کافی رہے گا جو کسی خاص شکل کی مبہم نمائندگی کرتی ہوں۔
بے ہنگم لکیروں کو دیکھتے ہوئے ’’آٹو ڈرا‘‘ نامی یہ سافٹ ویئر مختلف اندازے لگائے گا اور اسکرین کے اوپر آپ کے سامنے وہ تمام اشکال پیش کردے گا جو اس کے خیال میں آپ بنانے کی کوشش کررہے تھے۔ جیسے ہی آپ کوئی شکل منتخب کریں گے، گوگل آٹو ڈرا آپ کی کھینچی ہوئی لکیروں کو اس شکل میں تبدیل کردے گا۔
یہ جاننے کے لیے کہ اسکرین پر کھنچی ہوئی آڑی ترچھی لکیریں ممکنہ طور پر کسی تصویر کی ممکنہ نمائندگی کررہیں ہیں ’’آٹو ڈرا‘‘ میں مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا گیا ہے جس کا استعمال تصویریں شناخت کرنے والے نظاموں میں آج بکثرت کیا جارہا ہے۔ اگلے مرحلے پر آپ اس تصویر میں اپنی پسند سے رنگ بھر سکتے ہیں اور اسے مزید خوبصورت اور جاندار بناسکتے ہیں۔

یہ سافٹ ویئر ایک آن لائن سروس کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس تک رسائی کے لیے آپ کو اس کے ویب ایڈریس www.audodraw.com تک پہنچنا کافی رہے گا۔ یہ ویب سائٹ خود بھی ذہین ہے جو فوری طور پر یہ پتا چلا لیتی ہے کہ آپ کوئی اسمارٹ فون استعمال کررہے ہیں یا پھر کوئی ٹیبلٹ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر آپ کے استعمال میں ہے اور پھر اسی مناسبت سے اپنا ڈسپلے اسٹائل تبدیل کرتی ہے۔

جیسے ہی آپ اس ویب سائٹ پر پہنچیں گے تو ایک خالی کینواس آپ کے سامنے آجائے گا۔ اس پر کرسر کی مدد سے مختلف لکیریں کھینچنے کے فوراً بعد اسکرین پر ایک جانب وہ مختلف شکلیں ظاہر ہوجائیں گی جنہیں ممکنہ طور پر آپ بنانے کی کوشش کررہے تھے۔ ان میں سے جیسے ہی کوئی شکل سلیکٹ کی جائے گی، اسکرین پر موجود لکیریں اسی شکل میں آجائیں گی۔ اب آپ چاہیں تو اس تصویر میں رنگ بھر سکتے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو