پاکستان اورسری لنکا آج مد مقابل ہوں گے

لاہور(آن لائن نیوزاردو پاور) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں آج پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا جب کہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
کارڈف میں شیڈول سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا، سرفراز احمد پہلی دفعہ سری لنکا کے خلاف کپتانی کریں گے، کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر جانے والے مقابلے کیلیے ٹیم منیجمنٹ نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی، پلیئرز گزشتہ روز بھی تربیتی کیمپ میں بھر پور ایکشن میں دکھائی دیے، تینوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے کا عزم بھی ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ پیر کو سری لنکا کے خلاف کارڈف کے مقام پر کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
پاکستان کیلیے یہ میچ انتہائی اہم اور کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کرگیا ہے، پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کیلیے ہر صورت میں اس میں فتح درکار ہوگی اور اگر بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملتا ہے تو پاکستان پھر بھی سیمی فائنل سے آؤٹ ہوجائے گا، ادھر آئی لینڈرز کے خلاف سرفراز احمد پہلی دفعہ سری لنکا کے خلاف کپتانی کریں گے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی ٹیم نے سب سے زیادہ میچز عمران خان کی کپتانی میں کھیلے۔

عمران خان کی قیادت میں آئی لینڈرز کے خلاف کھیلے جانے والے26 میچز میں سے پاکستان کی ٹیم نے21 میچز جیتے اور4 میں شکست کھائی۔ مصباح الحق کی قیادت میں ٹیم نے سری لنکا کے خلاف21 میچز کھیلے جس میں 10 جیتے اور 10 میں شکست ہوئی، ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دنیا کے مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں ہونے والے ون ڈے میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کا پلڑ ا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین1975-2015تک مجموعی طور پر 147ون ڈے میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان کی ٹیم نے 84میچز جیتے، 58 ہارے ایک ٹائی اور 4 کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز میں بھی پاکستان کو جیت کے حوالے سے سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے3 میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان کی ٹیم نے2 میچز جیتے اور ایک میں شکست کھائی۔ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں نے سات سات میچز جیتے ہیں۔ انگلینڈ کی سر زمین پر سر ی لنکا کے خلاف ہونے والے تینوں میچوں میں پاکستان فاتح رہا تھا۔
پاکستان کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے مابین28 میچز میں پاکستان نے 16جیتے 12ہارے۔ سری لنکا کو اپنے ہوم گراؤنڈز پر پاکستان کے خلاف برتری حاصل رہی۔ دونوں ٹیموں کے مابین سر ی لنکا میں41 ون ڈے میچز ہوئے جس میں پاکستان نے 18جیتے 20ہارے اور تین کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ ادھر سری لنکا سے ’’ڈو اینڈ ڈائی‘‘ میچ کیلیے قومی ٹیم کی تیاریاںگزشتہ روز بھی جاری رہیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے 3 گھنٹے تک بیٹسمینوں پر سخت محنت کی، گرانٹ فلاور محمد حفیظ، بابر اعظم سمیت دوسرے بیٹسمینوں کے ساتھ طویل صلاح ومشورے کرتے دکھائی دیے، وہاب ریاض کی جگہ آنے والے رومان رئیس بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
فہیم اشرف کے ڈیبیو کا امکان روشن ہے، انھیں محمد حفیظ کی جگہ موقع دیا جاسکتا ہے، پاکستان کی ممکنہ الیون میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ اظہر علی، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، محمد عامر، شاداب خان ، حسن علی اور جنید خان ہوسکتے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو