سیف علی خان بیٹی کے شوبز میں آنے سے ناخوش

ممبئی(آن لائن نیوزاردو پاور)بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان اپنی بیٹی سارہ کی فلموں میں انٹری سے خوش نہیں ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ سارہ شوبز سے بہتر مستقبل کا انتخاب کرتی۔
سارہ علی خان بہت جلد ہدایت کار ابھیشیک کپور کی فلم ’’کیدارناتھ‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دینے والی ہیں، اس فلم میں ان کے ساتھ اداکار سشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردار میں نظرآئیں گے، تاہم سارہ کے والد سیف علی خان اپنی بیٹی کے اداکارہ بننے پر خوش نہیں ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران سیف علی خان نے کہا کہ سارہ نے آکسفورڈ جیسے بہترین ادارے سے تعلیم حاصل کی، وہ نیویارک میں رہ کر ایک اچھے پیشے کا انتخاب کرستی تھی لیکن پتہ نہیں کیوں اس نے اداکاری کا انتخاب کیا۔
سیف علی خان نے اداکاری کو غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی کہ آپ کامیاب ہوں گے یا ناکام، انہوں نے سارہ کے مستقبل کے خوابوں کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی ہمیشہ سے اداکارہ بننا چاہتی تھی، مجھے یاد ہے ایک بار میں سلمان خان اور دیگر اداکاروں کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کر رہا تھا اور سارہ اسٹیج کے پیچھے پردہ پکڑ کر کھڑی ہمیں بہت غور سے دیکھ رہی تھی، وہ بھی اسٹیج پر ہمارے ساتھ پرفارم کرنے کی خواہشمند تھی۔
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ سارہ اپنی پہلی فلم کا انتخاب کر چکی ہے لیکن اس نے اپنے پروجیکٹ کے بارے میں مجھ سے بالکل بھی مشورہ نہیں کیا، یہ خالصتاً اس کی والدہ امریتا سنگھ کا فیصلہ تھا کہ سارہ فلموں میں آئے، تاہم اب اس نے فلم سائن کرلی ہے لہٰذا اس بارے میں وہ مجھ سے کچھ بھی پوچھنا چاہے تو پوچھ سکتی ہے، ہم بالکل ویسے ہی بات کریں گے جیسے دیگر معاملوں پر اظہار خیال کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلموں میں انٹری سے قبل ہی سارہ علی خان کے لاکھوں مداح موجود ہیں جو ان کی پہلی فلم کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، اب دیکھنا یہ کہ سارہ، عالیہ بھٹ اور شردھا کپور کی طرح کامیابی سے ہمکنار ہو پاتی ہیں یا نہیں۔

پنھنجي راءِ لکو