فیس بک پروفائل تصویر چرانا اب آسان نہیں

نئی دہلی(آن لائن نیوزاردو پاور)فیس بک انڈیا نے پروفائل تصویر کی سیکیورٹی کیلیے ایک حل نکالا ہے جس کے تحت آپکی فیس بک پروفائل تصویر چوری کرنا ناممکن ہوجائے گا۔
فیس بک صارفین کی اکثریت اس بات کی شکایت کرتی نظر آتی ہے کہ ان کی پروفائل تصویر سوشل میڈیا پر کئی جگہ غلط ناموں سے نقل ہورہی ہے۔ اس کا سب سے ذیادہ شکار خواتین ہورہی ہیں جن کی تصاویر کئی جگہوں پر نقل کی جارہی ہے لیکن اب فیس بک نے صارفین کی پروفائل تصویر کی سیکیورٹی کے لیے ایک حل نکالا ہے۔
فیس بک انڈیا کی جانب سے نکالے گئے حل کے تحت بہت جلد صارفین کی پروفائل تصویر کے اطراف نیلا حاشیہ (بارڈر) کا اضافہ کیا جائے گا اور اس پر کئی شیلڈ بھی موجود ہوں گی جس سے تصویر کو ڈاؤن لوڈ، کاپی اور ٹیگ کرنا ناممکن ہوجائے گا۔ اس ضمن میں بھارت میں تحقیق بھی کی گئی اور صارفین اپنی پروفائل تصویر محفوظ بنانے کے لیے اس پر 6 پرتیں (لیئرز) لگاسکیں گے۔
فیس بک کے پراجیکٹ مینیجر آراتی سامون کہتے ہیں کہ نئے ٹول سے بھارت کے لوگ اپنی تصاویر کنٹرول کرسکیں گے اور کوئی انہیں ڈاؤن لوڈ نہیں کرسکے گا۔ اس کے علاوہ تصویر پر ڈیزائن والی بارڈر اور پرتیں بھی لگائی جاسکیں گی جب کہ ہمارا تجربہ بتاتا ہےکہ بارڈر والی تصاویر ذیادہ ڈاؤن لوڈ اور شیئر نہیں ہوتیں اور اس آزمائش کے بعد یہ سہولت بقیہ دنیا کے لیے بھی پیش کردی جائے گی۔
فیس بک نے بھارتی اداروں کے ساتھ ملکر دو نئے ٹولز بنائے ہیں جو آپ کی پروفائل تصاویر کو محفوظ بناسکیں گے۔ ان میں سے ایک ’پروفائل پکچر گارڈ‘ ہے جو فون ٹیپنگ سے ایکٹو ہوجاتا ہے اور آپشن فراہم کرتا ہے جب کہ یہ فیچر ڈاؤن لوڈنگ اور شیئرنگ کو ناممکن بناتا ہے، اسی طرح یہ تصویر کسی میسج میں بھی نہیں بھیجی جاسکتی اور یہ اینڈروئڈ آلات پر اسکرین شاٹ لینے کو بھی ناممکن بناتا ہے۔
دوسرے آپشن میں آپ تصاویر پر کئی طرح کی پرتیں یا لیئرز لگاسکتے ہیں ان میں بھارتی ٹیکسٹائل کے پرنٹ اور آرٹ وغیرہ کے نمونے ہیں اور لوگ اس طرح کی تصاویر کو عموماً شیئر نہیں کرتے جب کہ یہ فیچر ابھی بھارت میں آزمایا جارہا ہے اور جلد بقیہ دنیا کے لیے پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے بھارت اور پاکستان سمیت کئی ممالک میں اکثر خواتین اپنی تصاویر لگاتے ہوئے خوفزدہ ہوتی ہیں کہ کہیں ان کی تصویر کاغلط استعمال نہ ہوجائے۔

پنھنجي راءِ لکو