میسی نے اپنی زندگی کا اہم ترین فیصلہ کرلیا

بیونس آئرس(آن لائن نیوزاردو پاور) دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اسٹرائیکر لائنل میسی نے اپنی زندگی کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ کرلیا، میسی کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اپنی دیرینہ دوست انتونیلا روکوزو سے شادی کرنے جارہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے لائنل میسی جمعہ 30 جون کو ارجنٹائن کے پسماندہ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گے۔ میسی کے مداح حیران ہیں کہ انہوں نے اپنی شادی کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیوں کیا جو جرائم پیشہ افراد کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور وہاں ڈرگ گینگ سرگرم ہیں۔
لائنل میسی کی شادی کی تقریب میں دنیا بھر سے 260 کے قریب اہم شخصیات شرکت کریں گی جن میں پاپ اسٹار شکیرا اور ان کے شوہر سمیت دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ لائنل میسی نے شادی کا انتظام کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ مقامی کھانے تیار کریں کیوں کہ انہیں ارجنٹائن کے روایتی کھانے بہت پسند ہیں۔
میسی کی شادی کی تقریب کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں اسرائیلی ماہرین پر مشتمل پرائیوٹ ٹیم کے سپرد کی گئی ہے جو ماضی میں بھی میسی سیکیورٹی فراہم کرتی آئی ہے۔ دنیا بھر سے 155 صحافیوں کو تقریب کی کوریج کے لیے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں تاہم انہیں سختی سے بتادیا گیا ہے کہ انہیں تقریب میں موجود مہمانوں تک رسائی نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.