شادی کے روز ’ناگن ڈانس‘ دولہا کومہنگا پڑگیا

اترپردیش(آن لائن نیوزاردو پاور) بھارت میں دولہے کو اپنی شادی میں ڈانس کرنا مہنگا پڑ گیا اور دلہن نے اپنے ہونے والے شوہر کو نشے کی حالت میں سب کے سامنے ’ناگن ڈانس‘ کرتا دیکھ کر شادی سے ہی انکار کردیا۔
بھارت میں ناگن ڈانس خاصا مقبول ہے اور لوگ مختلف تہواروں اور شادی بیاہ کی تقریبات میں ناگن ڈانس کر کے اپنی خوشیاں مناتے ہیں لیکن بعض اوقات یہ خوشیاں غم میں بھی بدل جاتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے شاہ جہان پور کی رہائشی پریانکا تریپاتھی کی شادی اپنی ہی برادری کے انوبھو مشرا سے طے پائی۔ شادی والے روز جب لڑکا بارات لے کر دلہن کے گھر جا رہا تھا کہ تو ڈی جی نے اچانک ناگن والا گانا بجا دیا جسے سنتے ہی دولہا نے بے قابو ہو کر ڈانس شروع کردیا اور اس کے دوستوں نے نوٹ لٹانا شروع کر دیئے۔
نشے کی حالت میں دولہے کا رقص نہ تو لڑکی کو پسند آیا اور نہ ہی سسرال والے متاثر ہوئے، انوبھو مشرا کو معلوم نہیں تھا کہ اس کا ناگن ڈانس اسے مہنگا پڑ جائے گا اور لڑکی شادی سے ہی انکار کر دے گی۔ لڑکی نے دولہا اور اس کے گھر والوں کی منت سماجت کے باوجود اگلے ہی روز کسی اور سے شادی رچا لی۔
لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ دولہے نے سب کے سامنے اچھا خاصا ڈرامہ بنا دیا تھا جس کی وجہ سے میری بیٹی نے اتنا بڑا فیصلہ لیا اور مجھے ہر حال میں اپنی بیٹی کا ساتھ دینا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.