جیل کی ہوا اورمقدمات کا سامنے کرنے والے مشہور بالی ووڈ اسٹارز

ممبئی(آن لائن نیوزاردو پاور) بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکاروں کو پردے پر کئی بار مقدمات کا سامنا کرتے اور جیل جاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے لیکن فلم کے آخر میں تمام اداکار قانونی جنگ لڑتے ہوئے باعزت بری ہوجاتے ہیں تاہم حقیقت اس سے تھوڑی مختلف ہوتی ہے فلموں میں انصاف کا پیکر نظر آنے والے اداکار حیقیت میں نہ صرف مختلف مقدمات کا سامنا کرچکے ہیں بلکہ کئی اداکار تو جیل کی ہوا بھی کھاچکے ہیں۔

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی حقیقی زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں ،ان پر ایک دو نہیں بلکہ کئی مقدمات ہیں جن سے وہ آج تک نبرد آزما ہیں ، انہوں نے 2002 میں نشے کی حالت میں فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے اس کے علاوہ فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران جودھپور میں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس میں بھی سلمان آج تک عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

بالی ووڈ میں سنجوبابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کی زندگی ابتدا ہی سے کئی اتار چڑھاؤ کا شکاررہی ہے، بالی ووڈ میں ہیرو کے طور پر پہچان بنانے والے سنجو بابا اصل زندگی میں کسی ولن سے کم نہیں، سنجے دت1993 میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں کے دوران اسلحہ گھر میں چھپانے کے الزام میں 5 سال کی سزا کاٹ کر کچھ عرصہ قبل ہی میں جیل سے باہر آئے ہیں۔

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان ہر کسی کے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں یہاں تک کہ وہ اپنے ملازمین اور محافظوں کا خیال بھی گھر کے افراد کی طرح ہی رکھتے ہیں ، تاہم بالی ووڈ کے یہ سپر اسٹار بھی مقدمات کا سامنا کرچکے ہیں ، شاہ رخ اس وقت شدید مشکل کا شکار ہوگئے جب انہوں نے مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن پر اپنے دوستوں اور بچوں کے ساتھ برا سلوک کرنے کا الزام لگایا یہ معاملہ اس حد تک سنجیدگی اختیار کرگیا تھا کہ شاہ رخ خان پر 5 سال کیلئے کرکٹ اسٹیڈیم کے اندر داخلے پر پابندی عائد ہوگئی تھی۔

بالی ووڈ کے نواب اور کافی دھیما مزاج رکھنے والے اداکار سیف علی خان بھی فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کے غیر قانونی شکار اور بھارتی بزنس مین پر ہاتھ اٹھانے کے سلسلے میں مقدمات کا سامنا کرچکے ہیں ۔

فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ باکس آفس پر تو کامیاب رہی تھی لیکن فلم میں کام کرنے والے تقریباً تمام مرکزی اداکار آج تک کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے حوالے سے مقدمات کا سامنا کرچکے ہیں فلم میں بطور ہیروئن نظر آنے والی بالی ووڈ کی نامور اداکارائیں سونالی باندرے اور تبو بھی جودھپور میں کالے ہرن کے شکار کے الزام میں عدالتوں کے چکر کاٹ چکی ہیں۔

بھارتی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کندرا رواں سال اپریل میں ٹیکسٹائل ملز میں 24 لاکھ روپے کی خرد برد کے الزام میں مقدمات کا سامنا کرچکے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو