میسی مزید 4 برس تک ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کریں گے

بارسلونا(آن لائن نیوزاردو پاور) ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹبال اسٹار لیونل میسی مزید 4 برس تک ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کریں گے اور اس سلسلے میں کلب اور فٹبالر کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسپین کے فٹبال کلب بارسلونا نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اس کا لیونل میسی کے ساتھ 30 جون 2021 تک کا معاہدہ طے پاگیا ہے اور فٹبال اسٹار اس عرصے کے دوران کسی اور فٹبال کلب کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیونل میسی جیسے ہی پری سیزن ٹریننگ کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے ان سے معاہدے پر دستخط لے لیے جائیں گے۔
لیونل میسی کے بارسلونا کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی مالیت کتنی ہے اس حوالے سے کلب نے کوئی تفصیل جاری نہیں کی البتہ ہسپانوی میڈیا کے مطابق معاہدے میں یہ شق شامل کی گئی ہے کہ مقررہ وقت سے قبل کنٹریکٹ توڑنے پر 34 کروڑ ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بارسلونا نئے معاہدے کے تحت میسی کو ایک ہفتے کے 5 لاکھ پاؤنڈز ادا کرے گا۔ میسی کا بارسلونا کے ساتھ موجودہ معاہدہ جون 2018 میں ختم ہوگا تاہم اب نئے معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ وہ 34 برس کی عمر تک بارسلونا کی ہی نمائندگی کریں گے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اپنی بچپن کی دوست کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والے لیونل میسی 13 برس کی عمر میں بارسلونا کا حصہ بنے تھے،اُس وقت وہ کلب کے یوتھ ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے تھےاور تب سے اب تک وہ اسی کلب کی جانب سے گراؤنڈ میں اترتے ہیں۔ میسی نے بارسلونا کی جانب سے اپنا پہلا میچ 17 برس کی عمر میں کھیلا تھا اور کلب کے لیے پہلا گول الباسیٹ کلب کے خلاف کیا تھا۔
اب تک لیونل میسی بارسلونا کی نمائندگی کرتے ہوئے 583 میچز میں 507 گولز کرچکے ہیں اور وہ کلب کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولز کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں جب کہ انٹرنیشنل فٹبال میں بھی انہیں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو