بینظیر بھٹو شہید کی 10ویں برسی آج منائی جارہی ہے

سابق وزیراعظم بینظیربھٹو 27 دسمبر2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ ختم ہوتے ہی دہشتگردوں کے حملہ میں شہید ہوگئیں تھیں۔
برسی کے موقع پربینظیر بھٹو شہید سے محبت وعقیدت کا اظہارکرنے کیلئے ملک بھرسے ان کے چاہنے والے گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں اوراپنی قائد کی مغفرت کیلیے قبرپرفاتحہ خوانی کررہے ہيں۔
اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی طرف سے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہرسال کی طرح تعزیتی جلسہ کیا جارہا ہے، جس سے پیپلزپارٹی کے قائدین خطاب کریں گے،اس موقع پرنوڈیرو ہاوس میں پیپلزپارٹی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں شہید بینظیر بھٹوکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہرطرف پارٹی جھنڈے اور قائدین کی تصاویر نظر آرہی ہیں،ملک بھرسے آنے والے قافلوں کیلئے استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہيں، سخت چیکنگ کے بعد کارکنوں کو چھوڑا جارہا ہے ۔
برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،7ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بینظیر بھٹو جلاوطنی ختم کرکے 18 اکتوبر کو وطن واپس آئیں تو ان پرکراچی کی شاہراہ فیصل پرکارسازکے مقام پر قاتلانہ حملہ ہوا ،جس کے نتیجے میں 200 کے قریب کارکن شہید اورکئی زخمی ہوگئے ،تاہم بینظیر بھٹو اس خوفناک دہشتگردی میں بال بال بچ گئیں لیکن 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں کئے جانے والے حملے میں وہ شہید ہوگئیں تھیں۔

پنھنجي راءِ لکو