دیامر سمیت تین ضلعوں میں سیکیورٹٰی فورس کے آپریشن کی تیاریاں مکمل

4 اگست کی شب سیکیورٹٰی فورسز نے تانگیر میں آپریشن کیا جہاں دہشت گردوں نے سیکیورٹٰی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔
آج پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے دیامر کے سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی ۔ خوش قسمتی سے سیشن جج حملے میں محفوظ رہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع داریل میں دہشت گردوں نے تھانے پر حملہ کر کے چلاس میں بچیوں کے اسکولوں کو جلانے کے واقعات میں ملوث اپنے ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئے۔ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد شفیق ہلاک ہوگیا جبکہ چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیااور گرفتار دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد شفیق دہشت گردوں کا اہم کمانڈر تھا اور افغانستان سے تربیت آفتہ تھا۔ گرفتار دہشت گردوں سے اہم انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ دشت گرد پہلے تحریکِ پاکستان طالبان کے کارکن تھے جس کے بعد انھوں نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ فرار دہشت گردوں نے بعد میں داریل جانے والی شاہراہ پر قبضہ کرلیا۔
سیشن جج پر قاتلانہ حملے اور دیامر میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے ساتھیوں کو چھڑانے کے واقعات کے بعد پولیس اور سیکیورٹٰی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ آپریشن داریل، تانگیر، گیال اور شتیال میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن آئندہ بارہ گھنٹوں میں مقامی قبائلی افراد کی مدد سے دو تحصیلوں میں شروع کیا جائے گا۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مکمل گھیرے میں لے لیا ہے۔
دوسری طرف دہشت گردوں نے بھی پہاڑوں پر مورچے سنبھال لیے ہیں جبکہ وقفے وقفے سے سیکیورٹٰی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

پنھنجي راءِ لکو