الیکشن کمیشن کے باہر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج آج ہوگا

عام انتخابات 2018 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر پانچ جماعتیں آج اسلام آباد میں پاکستان الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کی قیادت شہبازشریف اورمولانا فضل الرحمان کریں گے، احتجاجی مظاہرے کے دوران اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔
متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، متحدہ مجلس عمل، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی شرکت کے بارے میں واضح اعلان نہیں ہے۔تاہم جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مظاہرے میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی پلان تیارکرلیاگیا ہے، کسی کارکن کوالیکشن کمیشن جانےیاریڈزون میں داخلےکی اجازت نہیں ہوگی، صرف نومنتخب ارکان کوالیکشن کمیشن تک جانےکی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اورریڈزون میں500سےزائدپولیس اہلکارتعینات ہوں گے، اسپیشل برانچ کےاہلکاربھی سکیورٹی پرمامورہوں گے۔
واضح رہے کہ متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے ویڈیو پیغام میں عوام سے ملک بھر میں احتجاج کی اپیل کی ہے اور کہا کہ تمام پارٹیوں کے قومی اسمبلی کے امیدوار 8 اگست کو الیکشن کمیشن کے سامنے اکٹھے ہوں اور ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
خیال رہے کہ 28 جولائی کو جماعت مسلم لیگ نون کے حالیہ انتخابات میں شکست کے بعد بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتوں نے 25 جولائی کے انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو