موت کے بعد کیا ہوتا ہے؟ جانئے اُن لوگوں کی زبانی جو لمبی موت مرکر پھر زندگی کی طرف لوٹ آئے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ”موت کے بعد کیا ہوتا ہے؟“ یہ ایک ایسا سوال ہے جو ازل سے حضرت انسان کے ذہن میں موجود ہے اور صدیوں سے اس پر تحقیق کی جا رہی ہے تاہم سائنس کی بے مثال ترقی بھی اس معمے کو حل نہیں کر سکی۔کچھ لوگوں نے سماجی میل جول کی ویب سائٹ ریڈٹ(Reddit)اس سوال کا جواب دینے کی سعی کی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو کسی حادثے یا واقعے کے نتیجے میں طبی نکتہ نظر سے مردہ قرار دے دیئے گئے تھے تاہم وہ ایک بار پھر زندہ ہو گئے۔ برطانوی اخبار دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ”مانیٹر منکی“ نامی ایک صارف نے ریڈٹ پر لکھا کہ ”پانچ سال قبل میرا ایک آپریشن ہوا تھا جس میں زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے میری موت واقع ہو گئی تھی۔ جب میری موت ہوئی تو آنکھ ایک ایسی جگہ میں کھلی جو خلاءکی طرح لگتی تھی مگر وہاں کوئی ستارے یا روشنی نہیں تھی۔ مجھے وہاں گرمی لگ رہی تھی نہ سردی، نہ ہی مجھے بھوک محسوس ہوئی رہی تھی اور نہ ہی تھکاوٹ۔ وہ ایک پرسکون، غیرجانبدار قسم کی جگہ تھی۔ میں جانتا تھا کہ کہیں آس پاس روشنی اور محبت ہے لیکن مجھے فوری طور پر اس پالینے کی خواہش یا ضرورت نہیں تھی۔اس واقعے نے چند چیزوں کے متعلق میرے خیالات تبدیل کر دیئے ہیں۔ میں اب بھی مرنے سے ڈرتا ہوں مگر اب مجھے اس بات کی پریشانی نہیں کہ مرنے کے بعد کیا ہو گا۔“
ایک اور Schneidah7 نامی صارف نے لکھا کہ ”میں ایک مرتبہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا، میری رفتار بہت زیادہ تھی اور میں گر گیا۔ مجھے شدید چوٹیں آئیں۔ جب مجھے ہسپتال لیجایا گیا تو ڈاکٹروں نے مجھے مردہ قرار دے دیا۔ مجھے اتنا یاد ہے کہ جب میں بے ہوش ہوا تو کوئی میرا حوصلہ بڑھا رہا تھا۔ اس کے بعد چیزیں آہستہ آہستہ تاریک اور خاموش ہوتی چلی گئیں۔ میرے گہری نیند میں نہ جانے کی ایک ہی وجہ تھی اور وہ یہ تھی کہ کوئی مجھے مسلسل آوازیں دے رہا تھا۔ وہ چلا رہا تھا”اٹھو، تم نہیں مر سکتے، حوصلہ کرو، اوپر اٹھو، اوپر اٹھو۔“کوئی میرے ہیلمٹ پر تیزی سے تھپتھپا رہا تھا۔ جب میں نے آنکھیں کھولیں تو میں نے اپنے بھائی کو اپنے پاس بیٹھے ہوئے دیکھا۔ یہ بہت عجیب تھا، کیونکہ میرا یہ بھائی کئی سال پہلے ایک دوا کی زیادہ مقدار کھانے کے باعث جاں بحق ہو چکا تھا۔ اس کے علاوہ مجھے جو واحد چیز یاد ہے وہ یہ ہے کہ میرا بھائی اپنے گھڑی پر دیکھتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ ”جلد ہی وہ بھی یہاں ہوں گے۔“ اس کے بعد وہ اٹھ کر چلا گیا۔ کاش میں آپ کو اس واقعے کی مزید تفصیلات بتا سکتا لیکن یقین کیجیے مجھے صرف یہی باتیں یاد رہی ہیں۔اس کے بعد میری آنکھ کھلی تو میں ہسپتال میں موجود تھا۔ “
IDiedForABit نامی صارف کا کہنا تھا کہ ”الرجک ری ایکشن کے باعث میرے دل نے دھڑکنا چھوڑ دیا جس سے طبی طور پر میری موت واقع ہو گئی۔ مجھے یاد ہے کہ جب میرے دل کی دھڑکن تھمی مجھے یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے میری پشت میں سے میرے اندر سے کوئی چیز چوسی جا رہی ہے، بالکل آہستگی سے، جیسے مجھے پانی میں دھکیلا جا رہا ہو۔ کبھی تاریکی زیادہ ہو جاتی اور کبھی کم۔ پھر میں نے ایک خوبصورت باغ دیکھا۔ یہ پھولوں سے بھرا ہوا تھا۔ اس میں انتہائی خوبصورت گھاس تھی۔ اس میں ایک کھیل کا میدان بھی تھا جس میں دو بچے دوڑ رہے تھے، ان میں ایک لڑکا تھا اور ایک لڑکی۔ اس وقت میرے جو احساسات تھے وہ بیان کرنا مشکل ہیں۔ مجھے یوں لگ رہا تھا کہ جیسے میں چاہوں تو یہاں سے جا سکتا ہوں اور چاہوں تو رک سکتا ہوں لیکن جتنی بار میں نے اس باغ سے واپس جانے کی کوشش کی، نہ جا سکا۔ اس کے بعد جب مجھے اپنی ماں کا خیال آیا اور میں نے سوچا کہ میں اپنی ماں کو تنہاءنہیں چھوڑ سکتا، اس سوچ پر میں وہاں سے واپس آنے میں کامیاب ہو گیا۔ میں واپس اپنے جسم میں آ گیا تھا۔ یہ سب کچھ 6منٹ کے دوران ہوا، کیونکہ میرا دل 6منٹ کے لیے بند رہا تھا۔“

پنھنجي راءِ لکو