ٹماٹر جلد کے کینسر کے خلاف بھی مؤثر

کولمبس، اوہایو(آن لائن نیوز اردو پاور)ٹماٹر قدرت کا ایسا انمول تحفہ ہے جو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور ایک برطانوی ماہر کے مطابق روزانہ تین ٹماٹر کھانے سے فالج اور دیگر امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے جبکہ ایک نئی رپورٹ کے مطابق ٹماٹر جلد کے سرطان کا خطرہ بہت واضح طور پر کم کرسکتا ہے۔
ٹماٹروں کو سرخ جواہر بھی کہا جاتا ہے جو ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں۔ ریسرچ جرنل سائنٹفک رپورٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹماٹر کا باقاعدہ استعمال جلد کے کینسر کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ رپورٹ میں چوہوں پر کئے گئے تجربات کی تفصیل پیش کی گئی ہے۔
تجرباتی طور پر چوہوں کو پہلے 35 ہفتوں تک ٹماٹر کے اجزا کھلائے گئے اور اس کے بعد انہیں الٹراوائلٹ (بالائے بنفشی) روشنی کا سامنا کرایا گیا تو جن چوہوں نے ٹماٹر نہیں کھایا تھا ان کے مقابلے میں جن چوہوں نے ٹماٹر ملے اجزا کھائے تھے ان میں جلد کے کینسر کا خطرہ 50 فیصد کم نوٹ کیا گیا۔
امریکا کی اوہایو اسٹیٹ یونیورسٹی میں جیسیکا کوپراسٹون اور ان کے ساتھیوں نے یہ تحقیق کی ہے۔ جیسیکا کا کہنا ہے کہ شاید اس کی وجہ ٹماٹر میں پائے جانے والے اجزا کیراٹونوئیڈز ہیں جو جلد کو الٹراوائلٹ شعاعوں کے ہولناک نقصان سے بچاتے ہیں۔ ٹماٹر میں موجود کیراٹونوئیڈز جلد کے اندر جمع ہوتے رہتے ہیں۔
اس کے علاوہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹروں میں لائسوپین اور اینتھو سائننس کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے جو نظر کی کمزوری، امراضِ قلب، کینسر اور دماغی امراض کے خطرات کو بھی کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں