لائیو ٹی وی انٹرویو کے دوران مہمان کے شرارتی بچے اچانک کمرے میں گھُس آئے

لندن(آن لائن نیوز اردو پاور) لائیو ٹی وی شو کے دوران کوریا کے امور کے ماہر پروفیسر روبرٹ کیلی گھر میں بیٹھ کر میزبان سے بات کررہے تھے کہ اچانک کمرے میں ان کے بچے داخل ہوگئے لیکن پروفیسر نے بڑی مہارت سے براہ راست نشریات کو متاثر ہونے نہیں دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی پر براہ راست نشریات کے دوران کوریا کے امور کے ماہر پروفیسر روبرٹ کیلی سے کوریا کی صدر کو عہدے سے ہٹائے جانے پر رائے لی جارہی تھی کہ اس دوران وہ پراعتماد انداز سے سوالات کے جوابات دے رہے تھے تاہم اچانک پروفیسر کی کمسن بچی کمرے میں داخل ہوئی اور شرارت کرتے ہوئے والد کے پاس آپہنچی۔ کمسن بچی کے بعد واکر پر بیٹھے ایک اور بچے نے کمرے میں اچانک انٹری دی تو پروفیسر کیلی تھوڑا گھبرا گئے لیکن انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھی۔
بچوں کو کمرے میں دیکھ کر میزبان نے بھی پروفیسر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاید آپ کے بچوں کو آپ کی ضرورت ہے جس پر وہ ہنس پڑے لیکن کوریا سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اپنا جواب جاری رکھا۔ اسی دوران پروفیسر کیلی کی اہلیہ دوڑتی ہوئی کمرے میں داخل ہوئیں اور زمین پر بیٹھ کر دونوں بچوں کو کمرے سے باہر لے گئیں۔

پروفیسر کیلی کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جارہا ہے اور ٹوئٹر و فیس بک صارفین دلچسپ خیالات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو