مسلسل ڈپریشن دل کے مریضوں کیلیے قبل ازموت کی وجہ

یوٹاہ(آن لائن نیوز اردو پاور) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ قلبی شریانوں کا مرض ( کورونری ہارٹ ڈیزیز) لاحق ہونے کے بعد اگر آپ مسلسل ڈپریشن میں رہتے ہیں تو 10 سال کے اندر اندر موت کے قریب بھی پہنچ سکتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے کیے گئے ایک نئے مطالعے کے مطابق دل کے مریض اگر ڈپریشن کے شکار ہوجائیں اور ہر بات دل پر لینے لگیں تو وہ دل ہار کر موت کے منہ میں جاسکتے ہیں۔ اس مطالعے میں شریک ایک ماہر کا کہنا ہےکہ قلبی شریانوں کے مریضوں میں مایوسی، ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کا مسلسل جائزہ لیا جانا ضروری ہے، خواہ ڈپریشن تھوڑے عرصے کے لیے ہو یا پھر کئی سالوں پر محیط، دل کے مریضوں کو اس سے دور رہنا چاہیے، کسی ڈپریشن کی صورت میں اس کا علاج اور فالو اپ بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔
اس سے قبل بھی ماہرین ڈپریشن اور دل کے امراض کے درمیان تعلق پر ایک عرصے سے غور کررہے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ دل کے مریض چند ماہ کے اندر ہی ڈپریشن کے چنگل میں چلے جاتے ہیں۔
ماہرین نے اس کے لیے 10 برس تک 25 ہزار دل کے مریضوں کا بغور جائزہ لیا۔ ان میں سے 3646 مریض ڈپریشن میں مبتلا پائے گئے جب کہ ان کی نصف تعداد مطالعے کے دوران ہی انتقال کرگئی لیکن 20 ہزار سے زائد افراد ڈپریشن سے دور رہے اور زندہ رہے۔ اس طرح ماہرین کا خیال ہےکہ قلبی شریانوں کے مریضوں میں ڈپریشن جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کے مریضوں کو خوش رہنا چاہیے، صبح کو چہل قدمی کریں اور مناسب غذا کھائیں۔

پنھنجي راءِ لکو