پُرکشش تصاویر بنوانے کا راز جانیے

نیویارک(آن لائن نیوز ارد و پاور) ڈیٹا سائنس کے ماہرین نے سوشل میڈیا پر رکھی گئی ہزاروں تصویروں کا سروے کرنے کے بعد وہ ’’سائنسی راز‘‘ دریافت کرلیا ہے جس کی بدولت آپ بھی اپنی پروفائل پکچرز کو دوسروں کےلیے زیادہ پُرکشش اور پسندیدہ بناسکتے ہیں۔
امریکی کمپنی کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کی وہ تصویریں زیادہ پسند کی جاتی ہیں جن میں ان کے بال سمٹے ہوئے ہوں، وہ کیمرے کے بجائے کسی اور طرف دیکھ رہی ہوں اور اس انداز سے مسکرا رہی ہوں کہ ان کے دانت معمولی سے نمایاں ہوں۔ خواتین کے برعکس اگر مرد ایسی تصویریں کھنچوائیں جن میں وہ کیمرے کی طرف دیکھتے ہوئے ایسے مسکرا رہے ہوں کہ ان کے دانت نظر نہ آرہے ہوں تو یہ تصویریں زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔
یوں تو پکنک اور پارٹی میں لی گئی تصویریں بھی زیادہ پسند کی جاتی ہیں لیکن دلچسپی کی بات یہ سامنے آئی ہے کہ باقاعدہ پوز دے کر کھنچوائی گئی تصویروں کے مقابلے میں بے ساختہ اور اچانک کھینچی گئی تصویریں زیادہ پسندیدگی حاصل کرتی ہیں۔

اگر خواتین چاہتی ہیں کہ ان کی ڈی پیز یا پروفائل پکچرز کو زیادہ ’’لائکس‘‘ ملیں تو انہیں چاہیے کہ ایک سے 2 افراد کے ساتھ تصویریں یا گروپ فوٹوز کھنچوائیں۔ اور ہاں! اگر وہ اپنی تصویروں پر ایسے ’’اسنیپ چیٹ فلٹرز‘‘ چلانے کی شوقین ہیں جو انسانی تصویروں پر کتے بلیوں جیسے خد و خال کا اضافہ کردیتے ہیں تو انہیں خبردار ہوجانا چاہیے کیونکہ ایسی تصویریں عموماً ناپسند کی جاتی ہیں۔
رپورٹ میں مردوں کےلیے تجویز کیا گیا ہے کہ اگر وہ اکیلے کھڑے ہوکر تصویر کھنچوائیں اور تصویر میں کھیل کود جیسا تاثر دیں تو انہیں زیادہ لائکس ملیں گے۔ وہ لوگ جنہیں سیلفیوں کا شوق ہے ان کے لیے اس رپورٹ میں بری خبر ہے کیونکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلفیوں کو بہت کم لائکس ملتے ہیں جب کہ باتھ روم سیلفیز ان میں ناپسندیدہ ترین ہیں۔ البتہ رنگین تصویروں کی بھرمار ہوجانے کی وجہ سے آج سوشل میڈیا پر بلیک اینڈ وائٹ تصویریں زیادہ لوگوں کو متوجہ کرتی ہیں اور اسی مناسبت سے زیادہ لائکس بھی سمیٹتی ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو