عراقی فورسز کے آپریشن کے بعد ابوبکرالبغدادی موصل سے فرار

بغداد: عراق میں انسداد دہشت گردی فورس کے آپریشنل چیف جنرل معن السعدی نے کہا ہے کہ جنگجو تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی جنگجوؤں کو تنہا چھوڑ کر موصل سے فرار ہوگیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی فورسز کی داعش کے خلاف موصل میں فیصلہ کن جنگ جاری ہے جب کہ ریپڈ رسپونس فورس کے چیف جنرل معن السعدی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے موصل میں الاصلاح الزراعی کالونی کو داعش سے چھڑا لیا اور دیگر علاقوں میں جنگجوؤں کو پسپائی کا سامنا ہے جب کہ داعش کے خود ساختہ سربراہ ابوبکرالبغدادی موصل سے فرار ہوگیا اور جنگجو بھی فرار کی راہ تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے زیرقبضہ خود ساخہ دارالحکومت رقبہ ان کے ہاتھ سے نکل گیا ہے اور مغربی موصل کی بچ جانے والی کالونیاں بھی زیادہ دیر تک دہشت گردوں کے قبضے میں نہیں رہیں گی۔
انسداد دہشت گردی فورس کے چیف کا کہنا تھا کہ موصل سے فرار ہونے کے بعد داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کے اگلے ٹھکانے کا علم نہیں تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ داعش عراق سے شکست خوردہ ہونے کے بعد کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرے گی۔
دوسری جانب موصل میں جاری آپریشن کے ایک انچارج جنرل عبدالامیر یاراللہ کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورسز نے اصلاح الزراعی کالونی میں تمام سرکاری عمارتوں پر عراقی پرچم لہرا دیا ہے جب کہ فورسز نے شہر کے دائیں ساحلی علاقے کی الاصلاح الزراعی کالونی نمبر ایک کے بعد کالونی نمبر دو کو بھی داعش سے آزاد کرالیا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو