مدرز ڈے پر دادی کیلیے کارڈ کیوں بنایا؟ ماں نے بچے کو تشدد کا نشانہ بناڈالا

ساؤتھ کیرولینا(آن لائن نیوزاردو پاور) امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا میں ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر کارڈ نہ بنانے پر ماں نے 6 سالہ بیٹے پر تشدد کیا جس پر پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کو جمعرات کے روز گھریلو معاملات سے متعلق نمبر پر فون آیا جس پر پولیس متعلقہ گھر پہنچی تو اس نے بچے کو روتا ہوا پایا جس کے بعد پولیس افسر کے سوال کرنے پر بچے نے سر پر مارنے کا بتایا۔
پولیس کے مطابق لڑکے کی عمر 6 سال ہے جو دادی کے گھر میں دادی، ماں اور بہن کے ساتھ رہتا ہے جہاں بچے پر ماں کے بری طرح تشدد کے بعد اس کی دادی نے پولیس کو فون کرکے واقعے کی اطلاع دی۔ پولیس کے پہنچنے پر بچے کی بہن نے بتایا کہ اس نے اپنی ماں کو 6 سالہ بیٹے کو بری طرح پیٹتے ہوئے دیکھا اور اس کے سر پر کئی بار مارا اور اس کی وجہ بچے کی جانب سے مدرز ڈے پر ماں کی بجائے دادی کے لیے کارڈ بنانا تھا۔
پولیس کے مطابق گھر پہنچنے پر بچے کو پریشان اور روتا ہوا دیکھا گیا اور پاس ہی مدرز ڈے کے حوالے سے بنائے جانے والے کارڈ کے ٹکڑے پڑے تھے جسے پھاڑا گیا تھا۔ پولیس نے بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں اسے معمولی طبی امداد کے لیے فارغ کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے بچے کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر مارا کیونکہ انہیں بچے کے رویئے کے بارے میں اسکول سے بھی شکایات ملی تھیں تاہم انہوں نے اسے بری طرح نہیں پیٹا۔ پولیس نے خاتون کو بچے پر تشدد کے کیس میں حراست میں لیا تاہم کورٹ میں حاضر ہونے کی یقین دہانی کے بعد خاتون کو رہا کردیا گیا۔

پنھنجي راءِ لکو