شادی میں بے سرا گانے سے روکنے پر باراتی قتل

ہنوئی(آن لائن نیوزاردوپاور) ویتنام میں شادی کی تقریب میں بے سرا گانے سے روکنے پر شوقیہ گلوکار نے ایک باراتی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ویتنام کے جنوبی صوبے تائن جیانگ میں 44 سالہ شوقیہ گلوکار نگوین نگوک دیپ شادی کی تقریب میں دلہا دلہن کے لیے گانا گا رہا تھا کہ ایک باراتی نے اس کے بے سرے پن کا مذاق اڑایا اور اس کے ہاتھ سے مائیک چھین لیا جس پر دونوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
ایک اور باراتی، 35 سالہ لی ہونگ آن نے بیچ بچاؤ کرادیا تاہم نگوک دیپ شدید غصے میں گھر جانے کے بعد واپس تقریب میں آن پہنچا اور اس نے چاقو کے وار کرکے مذاق اڑانے والے باراتی اور بیچ بچاؤ کرانے والے شخص، دونوں کو زخمی کردیا۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا بیچ بچاؤ کروانے والا لی ہونگ جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ مائک چھیننے والے کی حالت بدستور نازک ہے۔ پولیس نے قاتل گلوکار کو گرفتار کرلیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ویتنام میں شادی کی تقریبات میں نغموں کے دور چلتے ہیں جن کے دوران نشے میں دھت باراتیوں میں دھینگا مشتی عام بات ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو