چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات

بیجنگ(آن لائن نیوزاردو پاور) چین اور بھارت نے شدید کشیدگی کی وجہ سے سکم سیکٹر میں سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور چین میں کئی دہائیوں کی سب سے بدترین محاذ آرائی جاری ہے اور دونوں ممالک کی افواج نے اپنے تین تین ہزار فوجی سرحد پر تعینات کردیے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے بھی سرحد کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔
دونوں افواج مورچے بنا کر اپنی اپنی پوزیشنز مضبوط کررہی ہیں جب کہ نفری میں اضافہ کرکے ہزاروں فوجیوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں پہلے بھی دونوں فوجوں میں کشیدگی چلتی رہی ہے لیکن موجودہ محاذ آرائی انتہائی سنگین حد تک پہنچ چکی ہے جو کسی بھی وقت بڑی جھڑپ میں بدل سکتی ہے۔
ادھر چینی وزارت خارجہ نے بھارتی فوج پر سکم سیکٹر میں دراندازی کا الزام لگاتے ہوئے ڈوکلام کے علاقے سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی وزرات خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے بھارت سے بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور بھی دیتے ہوئے کہا کہ ڈوکلام غیرمتنازع طور پر چینی علاقہ ہے جہاں سے بھارت اپنی فوج واپس بلائے۔

پنھنجي راءِ لکو