دنیا کی مہنگی ترین کلرنگ بُک، قیمت 30 لاکھ روپے

لندن: (آن لائن نیوز اردو پاور)کیا آپ ایسی رنگ بھرنے والی کتاب خریدنا چاہیں گے جس میں صرف 10 صفحات ہیں اور اسے خریدنے کے لیے جائیداد فروخت کرنی پڑے۔
آپ کا جواب تو نفی میں ہوگا لیکن اوپر کی تصویر میں دنیا کی سب سے مہنگی کلرنگ بک نظر آ رہی ہے جس کی قیمت 30 ہزار ڈالر ہے جو پاکستانی روپوں میں 30 لاکھ کے برابر ہے۔ اس کلرنگ بک کو دنیا کے ممتاز مصور ایان بیک نے تیار کیا ہے اور اسی بنا پر بڑوں کے لیے رنگ بھرنے والی یہ کتاب بہت خاص بنائی گئی ہے۔

امریکا اور مغربی ممالک میں بالغ افراد کے لیے کلرنگ بک بہت تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ لوگ اپنے اندر کے بچے کو زندہ رکھنے، تناؤ کو دور کرنے اور سکون حاصل کرنے کی غرض سے سادہ خاکوں میں رنگ بھرتے نظر آتے ہیں۔ اب کتابوں کی ہر دکان پر رنگ بھرنے والی کتابیں موجود ہیں جو ہزاروں موضوعات پر مبنی ہیں۔

تاہم مہنگی اشیا بنانے والی ایک کمپنی کا خیال ہے کہ بہت امیر افراد کے لیے کلرنگ کتاب موجود نہ تھی اور انہی کے لیے یہ خصوصی کتاب تیار کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اسے بنانے والا مصور ایان بیک مشہور گلوکار ایلٹن جان کے میوزک البم کا سرورق بھی ڈیزائن کرچکا ہے۔ اگر آپ یہ کتاب خریدنا چاہتے ہیں تو مصور ایان بیک خود آپ کے پاس آئے گا اور زندگی میں آپ کے نزدیک ضروری اشیا اور معاملات کے بارے میں سوالات کرے گا۔ اس معلومات کی بنا پر وہ آپ کے لیے تصاویر تیار کرے گا تاکہ آپ اس میں رنگ بھر سکیں۔

ایان بیک نے اس موقع پر کہا کہ میں اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر خوش ہوں۔ اس میں لوگ خود اپنا پورٹریٹ، اپنے گھر، پالتو جانور، چھٹی کے لیے پسندیدہ جگہ اور ملک کی تصاویر بھی بنوا سکتے ہیں۔ یہ تمام خاکے ہاتھوں سے تیار شدہ خصوصی کاغذ پر بنائے جائیں گے اور ہر کتاب پر بہترین چمڑے کی جلد بنا کر اس پر خریدار کا نام سونے کے ورق سے لکھا جائے گا۔

اگرچہ یہ کلرنگ بک بہت مہنگی ہے لیکن اسے امیر کبیر لوگ خریدنا چاہیں گے کیونکہ اس سے قبل ایسی کئی اشیا بہت مہنگے داموں فروخت کی جاتی رہی ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو