پانچ ماہ سے سمندر میں پھنسی دو خواتین کو بچالیا گیا

واشنگٹن: بحرالکاہل میں پانچ ماہ سے پھنسی دو امریکی خواتین کو بچالیا گیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی بحریہ نے ریاست ہوائی سے تعلق رکھنے والی دو خواتین ملاحوں اور ان کے ہمراہ دو کتوں کو بحر الکاہل سے 5 ماہ بعد بازیاب کرالیا۔
جینیفر ایپل اور تاشہ فیوبا نے رواں سال مئی میں امریکی ریاست ہوائی کے ساحل سے اپنا سفر شروع کیا اور ان کی منزل 2600 میل دور فرانسیسی جزیرہ ٹاہیٹی تھا تاہم خراب موسم کی وجہ سے 30 مئی کو ان کی کشتی کا انجن خراب ہو گیا۔ دونوں خواتین نے بادبانوں کی مدد سے سفر جاری رکھنے کی کوشش کی مگر راستہ بھٹک گئیں اور کشتی کا مستول بھی ٹوٹ گیا جب کہ رابطے کے لیے موجود ٹرانسمیٹر بھی خراب ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے نائب صوبائی گورنر پشاور میں لاپتہ
اس صورتحال کے نتیجے میں دونوں خواتین تقریبا پانچ ماہ تک کھلے سمندر میں بھٹکتی رہیں تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ گزشتہ روز امدادی ٹیم نے انہیں جاپان سے 900 کلومیٹر دور کھلے سمندر میں بازیاب کرالیا۔
دونوں خواتین نے بتایا کہ ان کے پاس کشتی میں کھانے پینے کی اشیا اور پینے کا پانی وافر مقدار میں موجود تھا جس کی وجہ سے وہ اتنے عرصے تک زندہ رہنے میں کامیاب ہوسکیں۔

پنھنجي راءِ لکو