امریکا نے ترکی کیخلاف معاشی جنگ چھیڑدی ہے، ترک صدر

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کرنے پر امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے اپنے رجحانات کو تبدیل نہ کیا تو ان کا ملک نئے اتحادی اور دوست تلاش کر سکتا ہے۔
صدر رجب طیب اُردوان نے کہا کہ امریکہ کو شرم آنی چاہیے کہ وہ ایک پادری کی خاطر نیٹو اتحادی ملک سے تعلقات خراب کر رہا ہے۔امریکہ جب تک اپنے یکطرفہ اور غیر مہذب رجحانات کو ترک نہیں کرتا ،ترکی اپنے لیے نئے دوستوں اور اتحادیوں کو دیکھے گا۔
صدر اردوغان نے مزید کہا کہ وہ (امریکہ) شام میں کرد فورسز کو مسلح کر رہا ہے اور مذہبی مبلغ فتح اللہ گولن کو حوالے کرنے میں ناکام رہا ہے۔
امریکی پادری پر ترکی میں دہشت گردی کے مقدمے کا سامنا ہے جبکہ ترک حکام امریکہ میں جلا وطن ترک رہنما فتح اللہ گولن کو سنہ 2016 کی بغاوت کو منظم کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔
ترک صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کرنے پربھی برہمی کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ امریکہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے تو بہتر ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی سٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کر دیا جس کے باعث ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو